مزارات پر کیش بکسوں سے نذرانہ چوری ، اوقاف انتظامیہ کاغذی کارروائیوں تک محدود

لاہور(اپنے نمائندے سے )اوقاف انتظامیہ مزارات پر کیش بکسوں سے سرکاری نذرانہ چوروں کے خلاف عملی کارروائی کرنے میں ناکام، کاغذی کارروائیاں جاری، سیکرٹری اوقاف کی آمدنی میں اضافے کی منصوبہ بندی بھی ناکام، نذرانہ چوروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں 547کے قریب مزارات 437مساجد اور 72کے قریب مدارس شامل ہیں جس کے تمام تر انتظامی امور کی انجام دہی کی ذمہ داری محکمہ اوقاف پنجاب کو دی گئی ہے اس حوالے سے محکمہ کو اخراجات کرنے کی خاطر اوقاف کے موجود وسائل سے آمدنی حاصل کرکے کی جاتی ہے۔ آمدنی کا سب سے بڑا ذریعے کیش بکس ہیں جو کہ مزارات پر نصب کئے گئے ہیں اوقاف کی جانب سے ان مزارات کی نگرانی متعلقہ منیجر کو دے رکھی ہے جس کی طرف سے نگران جو کہ چھوٹے سکیل کا خادم ہوتا ہے اس کو تعینات کرکھا ہے سیکرٹری اوقاف کی جانب سے کیش بکسوں سے نذرانہ کی چوری کی روک تھام اور آمدنی میں اضافہ کی منصوبہ بندی بنائی گئی ہے جو کہ ناکام ہوتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے کیش بکسوں سے سرکاری نذرانہ چور کشادگی بکس کے دوران کیش چوری کرتے ہوئے اوقاف کو مالی نقصان پہنچارہے ہیں ماضی میں اور حال ہی میں اس طرح کے واقعات سامنے آ چکے ہیں جس پر انتظامیہ کی جانب سے عارضی بنیادوں پر زمہ دران کو معطلی یا ٹرانسفر کی سزا دی جاتی ہے جو کہ چند ہفتوں کے بعد ان سرکاری نذرانہ چوروں کو عام معافی دیدی جاتی ہے، ماضی قریب میں مزار پر کیش چوری کا واقع پیش آیا جس میں سرکاری نذرانہ چوروں کو تحفظ فراہم کیا گیا اور متعلقہ منیجر کی طرف سے نا معلوم افراد کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کروایا جاتا ہے۔ کیش بکسوں سے نذرانہ چوری کی روک تھام انتظامیہ کیلئے بہت بڑا ٹاسک بن چکا ہے۔ ترجمان اوقاف کا کہنا ہے کہ کیش بکسوں کی چوری کو روکنے کی خاطر اقدامات کئے گئے ہیںملوث افسران یا ملازمین کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا ۔