بروقت ،پیشگی تیاری کرکے سانحات سے بچا جا سکتا ہے:سلمان رفیق
لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں مری انتظامیہ کو ریلیف سامان کی تقریب تقسیم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ متوقع برف باری کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے پنجاب کی تیاریاں مکمل ہیں۔ مری میں برف باری کے پیش نظر انتظامی اداروں کو ریسکیو و ریلیف سامان کی فراہمی کی جارہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے مری انتظامیہ کو ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کیلئے سامان کے 2 ٹرک روانہ کئے جارہے ہیں۔ ریسکیو اور ریلیف سامان میں سرچ اینڈ ریسکیو جیکٹس، ٹائر سنو چین، مشینی آری اور موسم سرما کے خیمے شامل ہیں۔ ریلیف سامان میں رین کوٹ، فولڈ نگ شاول، لحاف کمبل، گرم دستانے، چھتریاں اور ٹوپیاں بھی شامل ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ برفانی طوفان 2022 کے سانحہ کے پیش نظر جانی و مالی نقصان سے بچاو کیلئے پی ڈی ایم اے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنا رہا ہے۔ بروقت اور پیشگی تیاری سے سانحات سے بچا جا سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے پاک آرمی و ریسکیو 1122 کو فلڈ ریلیف ایکوئپمنٹ فراہم کیا گیا۔ تھل اور چولستان کے علاقوں میں میٹھے پانی کی مسلسل فراہمی کیلئے واٹر باوزر فراہم کئے گئے ہیں۔ آسمانی بجلی و مون سون بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے باعث متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مون سون بارشوں کے باعث متاثرہ فصلوں کے لئے مالی معاونت فراہم کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث 2500 متاثرہ خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا ہے۔ مون سون بارشوں اورآسمانی بجلی سے بچاو کے لیے پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ سموگ سے نمٹنے اور بہتر حکمت عملی بنانے کیلئے تھنک ٹینک کی بنیاد رکھی گئی جس میں تمام اعلی اداروں کے پروفیسرز کو شامل کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مزیدکہاکہ مری میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ سیاحوں سے گزارش ہے کہ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ کسی بھی ناگہانی آفت سے بچنے کے لئے پی ڈی ایم اے پنجاب 24 گھنٹے الرٹ ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پی ڈی ایم اے و ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی رہنمائی اور تحفظ کے لئے موجود رہے گی۔ موسم کے حوالے سے احساس ذمہ داری قیمتی جانوں کے تحفظ کے لئے ضروری ہے۔ ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اجلاسوں میں مون سون کانٹیجنسی پلان اور سیلاب کے پیش نظر اقدامات کی حکمت عملی تیار کی گئی۔سیلاب کے دوران اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے دورے کئے گئے۔ حالیہ سیلاب میں پی ڈی ایم اے کے بروقت اور پیشگی اقدامات کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر بند اور پشتوں کی مضبوطی کیلئے 17 ملین روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ سانحہ بلوچستان میں شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین کو 2 کروڑ 70 لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق مری انتظامیہ کو تمام تر معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
















