شرپسند عناصر کا قائد مراد سعید وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں روپوش ہے،عطا تارڑ


اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، مظاہروں میں تربیت یافتہ جرائم پیشہ و افغانی شریک رہے، تمام لوگ اسلحہ بخوبی چلانا جانتے تھے، افغانستان پر ریاستی پالیسی بڑی واضح ہے، امن کے خواہشمند ہیں،سارے احتجاج غیر ملکی مہمان کی آمد کے موقع پر ہی کئے جاتے ہیں، ریاست گھٹنے نہیں ٹیکتی، ریاست کا کام رٹ کو بحال کرنا ہے، مسلح شرپسند عناصر کا قائد مراد سعید وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں روپوش ہے، لاشوں پر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پمز و پولی کلینک ہسپتال دونوں نے اپنی پریس ریلیز میں واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فائرنگ سے ہلاکت نہیں ہوئی اگر فائرنگ ہوئی تو احتجاجی مظاہرین میں سے کی گئی، کرم میں کہرام مچا ہے مگر تمام تر توجہ سیاست کے اوپر ہے، سیاسی ناکامی کو چھپانے کےلئے جھوٹا بیانیہ چلے گا نہیں، اموات کا جھوٹا پروپیگنڈا بھی اپنی موت مرے گا۔

سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاکئی دنوں سے میڈیا ،سوشل میڈیا چینلز پر احتجاج کی ناکامی کو چھپانے کےلئے جھوٹا بیانیہ بنایا جارہا ہے ،عوام کے سامنے تمام تر حقائق رکھنا ضروری ہے۔ خفیہ رپورٹس تھیں فائنل کال کی آڑ میں قتل وغارت کی جائے گی، مظاہروں میں تربیت یافتہ جرائم پیشہ و افغانی موجود تھے، ٹیکس پیئر کے پیسوں سے اگر کسی بھی صوبائی حکومت کو وسائل دیئے جاتے ہیں تو مقصد غیر قانونی احتجاج پر کروڑوں روپے خرچ کرنا نہیں ہوتا۔

وزیر اطلاعات نے کہاپوری دنیا میں احتجاج ہوتے ہیں کہیں اے کے 47 دیکھی ؟ شرپسند جدید اسلحہ اورغلیلیں بھی لیکرآئے، مقصد لاشیں گرانا اورامن وامان خراب کرنا تھا، خیبرپختونخوا کے عوام باہرنہیں نکلے، ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، شرمندگی مٹانے کےلئے لاشوں کاجھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، کوئی ایک ویڈیو دکھا دیں جس میں سیدھی فائرنگ ہوئی ہو، وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر ایسے پیش کیاگیا جیسے وہ افغان حکومت اور لوگوں کے خلاف ہے، افغانستان پر ریاستی پالیسی بڑی واضح ہے۔ امن کے خواہشمند ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا ریاست کبھی بھی اپنے لوگوں پر حملہ آور نہیں ہوتی، پی ٹی آئی نے احتجاج شروع ہی خون خرابے سے کیا، رینجرز اہلکاروں کے اوپر سازش کے تحت گاڑی چڑھا ئی گئی،وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں روپوش مراد سعید نے تربیت یافتہ جتھوں کو مظاہرے کے دوران لاشیں گرانے کے احکامات دیئے،باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی، ریڈ زون میں جانے کی ضد ریاستی رٹ کو ختم کرنا تھا پھر موقع سے بھاگے کیوں؟ ملکی معیشت کو یومیہ 192 ارب کا نقصان پہنچا۔

سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا نے کہا کہا گیا درخواست دیں کہاں جلسہ کرنا ہے لیکن نہیں دی، غیرملکی وفد کی آمد پر سکیورٹی پلان تشکیل دینا پڑا، سکیورٹی اداروں نے بہت ہمت دکھائی اور صابر رہے، کسی قسم کا اسلحہ استعمال نہیں کیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے ہر قسم کا ہتھیار استعمال، تشدد کیا، املاک کو نقصان پہنچایا، فوج صرف ریڈ زون میں تعینات رہی، مظاہرین پر فائرنگ کے تمام تر دعوو¿ں کو مسترد کرتے ہیں،احتجاج کرنے والے گولیاں چلاتے رہے۔

پریس کانفرنس کے دوران احتجاج سے حراست میں لئے گئے ملزموں کی ویڈیو، اعترافی بیان بھی دکھائے گئے۔

صحافیوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاشواہد پیش کردئیے، جگہ، وقت اور شناخت تک بتا دی، پی ٹی آئی ایک ثبوت پیش کر دے جس میں کسی قانون نافذ کرنے والے اہلکار نے مظاہرین پر فائرنگ کی ہو؟،فیک پوسٹوں کی نشاندہی کر رہے ہیں،2019 کے واقعہ کی تصاویر کو ڈی چوک کے احتجاج سے جوڑا،ریاستیں کمزور نہیں ہوتیں اپنے شہریوں کا خیال کرتی ہیں، بھرپور طریقے سے علاج کرنا جانتے ہیں، آخری وقت تک صبر کا مظاہرہ کیا، مظاہرین کی کوشش تھی اپنے ہی لوگوں کی لاشیں گریں، بشریٰ کی سوچ کھل کر سامنے آچکی وہ لاشیں گرانا چاہتی تھیں، موقع سے بار بار بھاگنا بڑی ناکامی ہے۔