پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کا وی پی این پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد (مشر ق نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے قانونی بنیادوں کی کمی کی وجہ سے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد تمام وی پی اینز 30 نومبر کے بعد بھی چلتے رہیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے صارفین کو خبردار کیا تھا کہ وہ 30 نومبر تک اپنے وی پی این رجسٹر کروائیں جس کے بعد غیر رجسٹرڈ کنکشن بلاک کردئیے جائیں گے۔

وزارت داخلہ نے ٹیلی کام ریگولیٹر سے غیر رجسٹرڈ وی پی این پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں دہشت گرد ”پرتشدد سرگرمیوں“ ، ”فحش اور توہین آمیز مواد تک رسائی“ کیلئے استعمال کررہے ہیں تاہم اب وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ماہ کے اوائل میں کی گئی درخواست واپس لے لی جائیگی۔

یہ فیصلہ وزارت قانون سے رائے لینے کے بعد کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت کے پاس وی پی این کو بلاک کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے قانون (پیکا) 2016 کی شقوں کی تشریح کا مسئلہ تھا اور اس حوالے سے وزارت داخلہ کا موقف کمزور تھا، لہذا یہ معاملہ جب عدالت میں جائیگا تو عدالتیں وی پی این کو کام کرنے کی اجازت دیں گی۔

پیکا کی دفعہ 34 ’غیر قانونی آن لائن مواد‘، حکام کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ اسلام کی عظمت، پاکستان یا اس کے کسی بھی حصے کی سالمیت، سلامتی یا دفاع، امن عامہ، غیر اخلاقی یا توہین عدالت سے متعلق کسی بھی مواد کو ’ہٹانے یا بلاک کرنے کرنے کی ہدایات جاری کر سکتے ہیں۔ وزارت قانون کے مطابق مذکورہ دفعہ حکومت کو کسی ٹول یعنی ایپ کو بلاک کرنے کے بجائے صرف ’مواد‘ کو بلاک کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونی کیشن کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ وی پی این موبائل فون یا کمپیوٹر کی طرح ایپلی کیشنز تک رسائی یا رابطہ قائم کرنے کا ذریعہ ہیں۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ ماضی میں حکومت کو عدالت میں انٹرنیٹ کی بندش پر پابندیوں کا دفاع کرنے میں مشکلات پیش آئی تھیں کیونکہ انٹرنیٹ بھی ایک ذریعہ تھا۔

فروری میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) کو بلاک کرنے کے بعد ملک بھر میں وی پی این کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ پی ٹی اے نے کاروباری اداروں، غیر ملکی مشنز اور فری لانسرز سے کہا تھا کہ وہ اپنے وی پی این رجسٹر کروائیں۔ سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے صرف کمرشل وی پی این رجسٹرڈ کئے جارہے ہیں۔