آذربائیجان کیساتھ دوطرفہ تعاون بڑھایا جاسکتاہے: عبدالعلیم خان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کو مزید مضبوط اور دونوں ملکوں میں روابط بڑھانا چاہتے ہیں،پاکستان سیاحت سمیت آذربائیجان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے سکتا ہے۔ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق آذربائیجان کے پاکستان میں سفیرخضر فرادوف نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارتی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیاگیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حالیہ دورہ آذربائیجان یادگار، وہاں ملاقاتیں مثبت اور امید افزاءرہیں۔وفاقی وزیرنے کہا کہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط اور پاکستان و آذربائیجان میں روابط بڑھانا چاہتے ہیں،پاکستان سیاحت سمیت آذربائیجان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے سکتا ہے،ہمیں اپنے باہمی تعلقات کو بزنس اور دوطرفہ ٹریڈ میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے آذربائیجان کی کمپنیوں کو بھی پاکستان میں سرمایہ لگانے اور بزنس کرنے کی پیشکش کی۔ملاقات میں کراچی سے سکھر اور سکھر سے حیدرآباد کے ایم 6 اور ایم 9 موٹرویز کے لئے سرمایہ کاری پر بھی گفتگوکی گئی۔آذربائیجان کے سفیرنے ملاقات میں پاکستان سے تعاون میں فروغ کے عزم کا اظہارکیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کےلئے مختلف شعبوں میں بڑے مواقع موجود ہیں۔سفیر آذربائیجان خضر فرادوف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کے تینوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں کی تجویز پر بھی غور کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ آذربائیجان کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ سے فوکل پرسن کے ذریعے رابطہ رکھا جائیگا۔