عمران 9مئی واقعات میں قصور وار،ضمانتیں مسترد کرنے کاتحریری فیصلہ

لاہور،کراچی:(کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان 9مئی واقعات میں قصور وار،انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 8مقدمات میں ضمانتیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

جج منظر علی گل نے 7صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہازمان پارک میں تیار کی گئی سازش میں گواہوں کے بیان ریکارڈ پر موجود ہیں، پراسیکیوشن کے مطابق خفیہ پولیس اہلکاروں نے خود کو پی ٹی آئی ورکر ظاہر کرتے ہوئے سازش کو سنا ، پراسیکیوشن کے پاس اشتعال انگیزی کی ہدایات دینے کے آڈیو سمیت دیگر ثبوت موجود ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیاموجودہ کیس سازش یا اشتعال انگیزی پر اکسانے کا کوئی معمولی کیس نہیں ، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر نہ صرف لیڈروں بلکہ کارکنوں ،حمایتیوں نے سختی سے عمل کیا،وکیل بانی پی ٹی آئی نے اعتراض اٹھایا مبینہ سازش کی کوئی تاریخ، وقت اور جگہ متعین نہیں، پراسیکیوشن کے مطابق زمان پارک میں 7،9مئی کو سازش تیار کی گئی،سازش تیار کی گئی گرفتاری کی صورت میں دیگر قیادت ریاستی مشینری کو جام کر دے۔

عدالت نے فیصلے میں کہابانی پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دئیے وقوعہ کے وقت بانی پی ٹی آئی گرفتار تھے، دلائل میں وزن نہیں بانی پی ٹی آئی وقوعہ کے وقت گرفتار تھے، پراسیکیوشن کا کیس ہے گرفتاری سے قبل سازش تیار کی گئی،وکیل بانی پی ٹی آئی نے دلائل دئیے بانی پی ٹی آئی کی مختلف کیسز ضمانت بعد از گرفتاری ہو چکی ، ہر کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہونا چاہیے، پراسیکیوشن کا کیس ہے بانی پی ٹی آئی نے ملٹری تنصیبات پر حملوں کی ہدایت دی۔

تحریری فیصلے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز چودھری کی ضمانت کے فیصلے میں سازش کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے کردار پر بحث کی، بانی پی ٹی آئی کوئی معمولی آدمی نہیں، ہدایات اور بیانات کی حامیوں کی نظر میں قدر ہے، پی ٹی آئی کی دیگر قیادت نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کو مسترد کرنے کا سوچا تک نہیں،تحریری فیصلے میں کہا گیاپولیس کے مطابق اہلکار وںپر تشدد سمیت بہت سے واقعات رونما ہوئے، تمام واقعات میں ملٹری تنصیبات، سرکاری اداروں ، پولیس اہلکاروں پر حملے گئے، پولیس کے مطابق اسی روز درجنوں جلا ﺅگھیرا ﺅکے واقعات ہوئے، مظاہرین نے صرف فوجی تنصیبات،سرکاری اداروں ،اہلکاروں پر حملے کیے، کسی پرائیویٹ املاک کو نقصان نہیں پہنچایا گیا،بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کی جاتی ہیں، عدالت کو بانی پی ٹی آئی کو ضمانت دینے کا کوئی جواز نہیں ملا۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9مئی جلا ﺅ گھیراﺅ کے 5مقدمات کی سماعت ہوئی، جج ارشد جاوید کے روبرو یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید سمیت دیگر کو پیش کیا گیا،عدالت نے پولیس کو حکم دیاملزموں کو چالان فراہم کیا جائے، قبل ازیں ملزموں کو جیل سے عدالت پہنچاکرحاضری مکمل کرائی گئی۔

ادھر کراچی خصوصی عدالت میںسانحہ 12 مئی کے 5 مقدمات پرسماعت ہوئی،عدالت تفتیشی افسر کی عدم پیشی پر سخت برہم ہوئی اورآئندہ سماعت پر طلب کر تے ہوئے گواہوں کو بھی پیش کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے ریمارکس دئیے عدم پیشی اور عدالتی حکم عدولی پر سخت کارروائی کی جائے گی بعد ازاں سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔