پاکستان دوٹوک موقف پر ڈٹ گیا،آئی سی سی اجلاس ملتوی

لاہور،دبئی:(سپورٹس رپورٹر،ایم این پی )چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان دوٹوک موقف پر ڈٹ گیا،آئی سی سی اجلاس ملتوی،ملکر قابل قبول حل تلاش کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

،ذرائع کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ مختصر دورانیے کی رہی اورپاکستان کے دوٹوک موقف کے باعث 15منٹ بعد ہی اجلاس ملتوی کرنا پڑا،اجلاس میں فریقین کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں،ہائبرڈ ماڈل کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم رہا، کوئی لچک نہیں دکھائی۔

دبئی میں ہونےوالے آئی سی سی اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت کئی ممالک کے بورڈ سربراہان موجود تھے دیگر نے ویڈیو کال کے ذریعے میٹنگ کو جوائن کیا،پاکستان نے مکمل ایونٹ کی میزبانی اپنے ملک ہی میں کرنے پر زور دیتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل کی ایک بار پھر مخالفت کردی،آئی سی سی نے بھی بعض تجاویز پیش کیں، ابتدائی تبادلہ خیال کے بعد معاملہ موخر کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارتی بورڈز پیش کردہ تجاویز پر اپنی حکومتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے تاکہ فیصلے میں آسانی ہو،اجلاس میں اتفاق کیا گیا پاکستان ،بھارت، آئی سی سی کےساتھ ملکر ایونٹ کےلئے قابل قبول آپشن تلاش کریں گے،عمل میں 2سے 3 دوست بورڈز بھی شامل ہوسکتے ہیں اور 24 سے 48 گھنٹوں میں حتمی فیصلہ کرلیا جائےگا۔