وفاقی کابینہ کی اکثریت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی حمایت کردی، اے این پی، جماعت اسلامی کی مخالفت

اسلام آباد، پشاور (بیورو رپورٹ) حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی اکثریت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی حمایت کر دی،حکومتی ذرائع نے کہا حکومت نے فیصلہ کیا ہے سیاسی اتحادی اور سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر گورنر راج سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے،وزارت قانون ،اٹارنی جنرل نے وفاقی کابینہ کو کے پی میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے اپنی رائے دےدی،ذرائع کے مطابق حکومت کا کہنا ہے پیپلزپارٹی، اے این پی اور جمہوری وطن پارٹی سے مشاورت کی جائے،ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا نے خود 2 بار وفاق پر چڑھائی کر کے گورنر راج کا جواز پیدا کر دیا، وفاق پر چڑھائی میں سرکاری ملازمین اور سرکاری مشینری استعمال کی گئی،کابینہ ذرائع نے کہا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صرف ایک نکاتی ایجنڈے پر غور ہوا، سیاسی اتحادیوں اور سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکرگورنر راج سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا،دوسری جانب اے این پی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کردی،مرکزی ترجمان اے این پی انجینئر احسان اللہ خان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اے این پی خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت کرتی ہے،گورنر راج لگانا مسئلے کا حل نہیں، گورنر راج لگ بھی جائے تو 3 ماہ بعد ختم ہوجائے گا، پی ٹی آئی کی اسمبلی میں اکثریت ہے،گورنر راج اثر انداز نہیں ہوگا،ترجمان اے این پی کے مطابق وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی میں معنی خیز مذاکرات کی ضرورت ہے، اگر قانونی طریقے سے بانی پی ٹی آئی رہا بھی ہوجائیں تو کیا ہوجائےگا؟ ،ملک میں سیاسی عدم استحکام خطرناک حد تک بڑھ گیا ،مزید برآں جماعت اسلامی نے بھی خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت کر دی،جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبد الواسع نے میڈیا سے گفتگو کر ہوئے کہا خیبرپختونخوا میں گورنر راج وفاقی حکومت کا خلاف آئین اقدام ہوگا، اسمبلیوں کی موجودگی میں گورنر راج لگانے کی باتیں وفاقی حکومت کی بدنیتی ہے، جماعت اسلامی گورنر راج کی بھرپور مخالفت کرے گی،جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر نے کہا امیر مقام کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور غیر سنجیدہ ہے، منتخب حکومت اور اسمبلی کی موجودگی میں گورنر راج کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔