اسلام آباد پر لشکر کشی کرنےوالوں کےخلاف قانونی کارروائی کا حکم، استغاثہ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے:شہباز شریف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پر لشکر کشی کرنےوالوں کےخلاف قانونی کارروائی کا حکم دےدیا،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں شہباز شریف کو گزشتہ دنوں دھرنوں کی صورت میں احتجاج کرنےوالوں کی جانب سے سرکاری املاک اور پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے پر بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے کہاتاریخی کرپشن، حکومت بچانے کیلئے ملک کو دیوالیہ کرنے کی سازشیں کرنے والے قانون کی گرفت میں آئے، قانونی راستہ اپنانے کے بجائے بارہا اسلام آباد کی طرف لشکر کشی کرکے ملک بھر میں انتشار کی فضاءپھیلانے کی کوشش کی گئی، انتشاری ٹولے کی لشکر کشی کے دوران سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو زخمی اور شہید کیا گیا، یہ کیسے انقلابی ہیں جو اس ملک کی تباہی اور انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں؟ اسلام آباد پر لشکر کشی کرنےوالے شرپسند ٹولے کےخلاف فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے اور استغاثہ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے،شہباز شریف نے کہا شرپسند ٹولے کے منتشر ہوتے ہی سٹاک ایکس چینج ایک لاکھ پوائنٹس کراس کر گئی ، انتشار پھیلانے کی مذموم کوششوں کے نتیجے میں ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ،ملک کو معاشی نقصان کے ذمہ دار انتشاری ٹولہ اور کرتا دھرتا ہیں، انتشاری ٹولے میں شرپسند عناصر کی فوری شناخت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے، انتشاری ٹولے کی لشکر کشی کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے جام شہادت نوش کرنےوالے اہلکاروں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، اسلام آباد یا ملک کے کسی بھی شہر پر ذاتی مقاصد کے حصول کیلئے لشکر کشی کو روکنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے، حکومت نے نام نہاد پر امن دھرنے کے مسلح افراد کو انتشار پھیلانے سے روکنے میں برداشت کا مظاہرہ کیا، آئندہ ایسی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کیا جائے،وزیر اعظم نے کہا گزشتہ دنوں کے واقعات میں عوام میں اشتعال، بے یقینی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، بلوائیوں سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد اور ملک بھر میں اینٹی روئٹس فورس قائم کی جائے، فورس کو بین الاقوامی طرز پر پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری سازوسامان سے لیس کیا جائے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کےساتھ ساتھ مسلح افراد کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔