اموات کا پروپیگنڈہ بے نقاب،افغانیوں سمیت سینکڑوں شرپسند گرفتار

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،پشاور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)آپریشن کلین اپ،نظام زندگی ،انٹرنیٹ سروس بحال، داخلی و خارجی راستے، موٹرویز کھل گئیں،راستوں کی صفائی،اسلام آباد پولیس کا فلیگ مارچ،افغانیوں سمیت سینکڑوںشرپسندگرفتار،سکیورٹی ذرائع ،ہسپتال اور حکومت نے مظاہرین کی اموات کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی احتجاج ختم ہونے کے بعد معمولات زندگی ،انٹرنیٹ سروس بحال، داخلی و خارجی راستے، موٹرویز کھول دی گئیں،لاہور میں بھی تمام شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہوگئی،جڑواں شہروں میں تعلیمی رونقیں جمعرات سے شروع ہوں گی،اسلام آباد پولیس نے ڈی چوک سے جناح ایونیو تک فلیگ مارچ کیا۔

سکیورٹی ذرائع نے سوشل میڈیا پر کیے جانےوالے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا اپنی ناکامیوں ،کوتاہیوں کو چھپانے کےلئے سوشل میڈیا پر جھوٹا و منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، اموات کی خبریں جھوٹی اور من گھڑت ہیں،پولیس ،رینجرز کے آپریشن میں کسی قسم کے آتشی اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔

ادھر اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال نے کہاہلاکتوں وزخمیوں کو لائے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں کو جعلی سمجھا جائے۔

دریں اثناوزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا عدالتی احکامات کے باوجود اسلام آبادپر دھاوا بولنے ، سکیورٹی اہلکاروں پر جدید اسلحہ ،آنسو گیس فائرنگ ، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی پر وزارت داخلہ توہین عدالت کی درخواست دائر کرے گی ،افغانیوں سمیت کسی غیر ملکی کو حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دیں گے ، 31 دسمبر کے بعد کوئی افغانی بغیر این او سی اسلام آباد میں نقل و حرکت یا رہائش نہیں رکھ پائے گا ، مظاہرے کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے درجنوں ہلاکتوں کا دعویٰ بے بنیاد ہے ، اسلام آباد پولیس ، معاون فورسز کے پاس کسی قسم کا اسلحہ موجود ہی نہیں تھا۔

محسن نقوی نے کہا کچھ لوگ اسلام آباد کے ہسپتالوں میں میتیں ڈھونڈتے رہے، مظاہرین کے ہاتھوں میں کیمرے تھے اگر سکیورٹی اہلکاروں کی ایک تصویر گولی چلاتے ہوئے لے لیتے تو اب تک پوری دنیا میں پھیلا چکے ہوتے ،دراصل اب شرمندگی چھپانے کا طریقہ سمجھ نہیں آرہا،سکیورٹی اہلکاروں کے پاس آپریشن کلین اپ کے دوران ماسوائے آنسو گیس ، حفاظتی شیلڈ اور لاٹھیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں تھا۔

قبل ازیں وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورہ کیا،ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملاقات کر کے جوانمردی کو سراہتے ہوئے کہاشکر بجا لاتے ہیں شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوئی، رینجرز کے افسروں ،جوانوں نے بہادری کےساتھ مظاہرین کو پسپا کیا،پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جراتمندانہ کردار پر مبارک باد دیتا ہوں، پرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ۔

علاوہ ازیں وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ڈی چوک ،جناح ایونیو کا خصوصی دورہ کرکے شرپسندوں کے احتجاج سے ہونےوالے نقصانات کا جائزہ لیا،اس موقع پر عطا تارڑ نے کہاانتشار پھیلانے والے بے سروسامانی کی حالت میں بھاگے ،فائنل کال کا کیا ہوا؟ اتنی توڑ پھوڑ کرکے بڑھکیں مار کر موقع سے بھاگنا سمجھ نہیں آیا، سارے منصوبے خاک میں مل گئے،لیڈر کو رہا کرانے آئے اپنے بندے گرفتار کروا کے فرار ہوگئے۔

وزیر اطلاعات نے کہاپی ٹی آئی بغیر ثبوت لاشوں پر سیاست کرنا چاہتی ہے، سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کوئی اسلحہ استعمال نہیں ہوااگر لاشیں گری ہیں تو پوسٹ مارٹم رپورٹ و دیگر ثبوت پیش کریں، پی ٹی آئی نے اپنے احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، جدید اسلحہ سے لیس شرپسندوں نے اسلام آباد پر حملہ کیا،جھوٹ پھیلانے والوں کےساتھ سختی سے نمٹا جائےگا۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ہلاکت پر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،پمز ہسپتال جا کر جھوٹی ویڈیو بنائی گئیں، پلان کرکے آئے تھے لاشیں ملیں ،حکومت و امن قائم کرنےوالے اداروں نے لاشیں نہ گرنے کو یقینی بنایا، حکومت نے تمام چیزوں کو بہت اچھے طریقے سے ہینڈل کیا، پی ٹی آئی کے لوگوں کے پاس اسلحہ موجود تھا، پی ٹی آئی ورکرز علی امین گنڈاپور،بشریٰ کے کہنے پر فائرنگ کرتے رہے، مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا،6 اہلکاروں کی شہادتیں ہوئیں،لاشوں کی سیاست کامیاب نہیں ہونے دی۔

مزید برآں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا پی ٹی آئی احتجاج کے دورا ن افغانیوں سمیت سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کیا،200 گاڑیاں پکڑیں، سب کو احتجاج کرنے کا حق ہے مگر احتجاج کی آڑ میں دہشتگرد کارروائی برداشت نہیں کریں گے، احتجاج الگ اور دہشت گردی الگ چیز ہے، کیسا احتجاج تھا سکیورٹی اہلکاروں پر فائر کیے گئے، ہرطرح کا اسلحہ استعمال کیا گیا،مظاہرین نے پولیس و رینجرزپرحملے کیے ، سرکاری آنسو گیس پھینکے، پرتشدد احتجاج دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے،سکیورٹی نافذ کرنے والوں کے 71 اہلکار زخمی ہوئے۔

چیف کمشنر اسلام آباد علی رندھاوا نے کہا کسی بھی غیر ملکی کو اسلام آباد کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پکڑے گئے مظاہرین میں افغان شہری بھی شامل تھے،اہم دورے کے موقع پر ریاستی رٹ کو چیلنج کیا گیا، ریاستی رٹ برقرار رکھنا بہت ضروری ہے، احتجاج میں غیرملکی بھی موجود تھے،قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے ریاست کی عملداری بحال کرنے کےلئے کردار ادا کیا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔