تلور شکار کیس،جسٹس مندوخیل کی سماعت سے معذرت ،آئینی بنچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)تلور شکار کیس میں جسٹس مندوخیل کی سماعت سے معذرت ،آئینی بنچ ٹوٹ گیا،سپریم کورٹ میں تلور کے شکار کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی ، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی ۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے بلوچستان ہائیکورٹ میں تلور شکار کیخلاف کیس سن چکا ہوں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل جنرل عامر رحمان نے کہا تلور شکار کا تصور مارخور کے آفیشل شکار کی طرح ہے، مارخور کے شکار کو ٹرافی ہنٹنگ کانام دیا گیا ہے،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا تلور کے شکار اور آئی بیکس ٹرافی ہنٹنگ میں فرق ہے، جسٹس مسرت ہلالی نے کہاتلور تو ہجرت کرنے والے پرندے ہوتے ہیں

دریںاثنا آئینی بنچ نے پانامہ سکینڈل پر جماعت اسلامی کی درخواست نمٹا دی،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے پانامہ میں مخصوص کیس میں جے آئی ٹی بنائی گئی، علم نہیں پانامہ سکینڈل کے باقی مقدمات کدھر گئے ، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا نیب کسی معلومات پر بھی ایکشن لے سکتا ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا نیب کا اختیار ترامیم کے بعد کم ہو گیا، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیےکس کیس میں کیا ہوا عدالت کا تعلق نہیں ، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا پانامہ سکینڈل میں جے آئی ٹی کس قانون کے تحت بنائی گئی تھی اور کیا نیب قانون میں جے آئی ٹی کی گنجائش ہے؟،بعدازاں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے پانامہ سکینڈل پر جماعت اسلامی کی درخواست نمٹا دی۔

علاوہ ازیں آئینی بنچ نے سٹوڈنٹس یونین بحالی کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس کرتے ہوئے درخواست پر صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کر دیا،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی، سٹوڈنٹس یونین پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرکے درخواست پر نمبر لگانے کا بھی حکم دیا گیا۔