راستوں کی بندش سے عدالتی کارروائیاں متاثر، توشہ خانہ سمیت متعدد مقدمات ملتوی

اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ)راستوں کی بندش سے عدالتی کارروائیاں متاثر، توشہ خانہ سمیت متعدد مقدمات ملتوی کردئیے گئے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی عدم موجودگی کے باعث کورٹ روم نمبر ون کی کاز لسٹ کینسل کر دی گئی ۔

چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کےخلاف 10 ارب ہرجانہ کیس کی سماعت کرنی تھی،ایک اور کیس بھی احتجاج کی نذر ہوگیا، قیدیوں کی سیاسی بات چیت پر پابندی کی شق کو کالعدم قرار دینے کے سنگل بنچ کے فیصلے کےخلاف چیف کمشنر اور پنجاب حکومت کی اپیل پر بھی سماعت نہیں ہو سکے گی،اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے 29 نومبر تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت ملتوی کرنے کےساتھ بشریٰ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیںادھر اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کی وجہ سے راستے سیل ہونے کے باعث اڈیالہ جیل سے کوئی بھی ملزم عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاسکا،مزید برآں اسلام آباد آنیوالے تمام راستے بند، جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔