تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے جاسوسی کا نظام قائم کیا جائے: آئینی بنچ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے ریمارکس دئیےتعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے جاسوسی کا نظام قائم کریں،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5رکنی آئینی بنچ نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کیخلاف درخواست پر سماعت کی،جسٹس علی مظہر نے کہا بتائیں منشیات کی روک تھام کیلئے اب تک کیا اقدامات کیے گئے؟ بلوچستان کے حوالے سے رپورٹ میں لکھا گیا ہے وہاں ہیروئن کا استعمال صفر ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کیا ہیروئن پی کر ختم کر دی گئی ہے، پتہ نہیں رپورٹ میں کونسی ہیروئن کا ذکر کیا گیا ہے، بلوچستان کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ پر مجھے خوشی بھی ہے اور حیرت بھی، کالجز میں بھی منشیات فروخت ہو رہی ہیں، منشیات سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ تو خیبرپختونخوا ہے، وہ خاموش کیوں ہے؟،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا اصل معاملہ ہے ہی خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے تعلیمی اداروں میں اے این ایف کے مخبری کے نظام کے تحت جاسوسی کا نظام قائم کریں، سب سے زیادہ منشیات جیلوں میں سپلائی ہوتی ہے، اتنی منشیات بارڈرز کے ذریعے سپلائی نہیں ہوتی جتنی جیلوں میں سپلائی ہو رہی ہے،آئینی بنچ نے اے این ایف اور تمام صوبوں سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے ہدایت کی تحریری جواب میں تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے سدباب کیلئے مکمل میکانزم فراہم کیا جائے۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔