آئیڈیاز نمائش کاافتتاح،بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں:خواجہ آصف


کراچی :(بیورورپورٹ) کراچی میں 4 روزہ عالمی دفاعی نمائش انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) 2024 کا آغاز ہوگیا، وزیر دفاع نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا باضابطہ افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا تمام وفاقی وزرائ، سینئر ملٹری وسول افسروں اور تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز2024بہت اہمیت کی حامل ہے، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے، نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا، پاکستان ذمہ دار ملک ہے، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کیلئے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے، علاقائی امن ،سماجی واقتصادی ترقی کیلئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔

وزیردفاع نے کہا پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک،پرائیویٹ سیکٹر دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،خواجہ آصف نے کہا دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی، آئیڈیاز نمائش پاکستان کی دفاعی پیداوار کے فروغ میں معاون اور علاقائی گیٹ وے کے طور پر ثابت ہوگی، آئیڈیاز کا سلوگن آرمز فارپیس ہے، وفاقی وزیر نے مزید کہا حکومت پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، شراکت داروں کےساتھ مل کر دنیا میں امن اور استحکام کےلئے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔