ٹیکس چورشوگر ملز و ڈیلرز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے:شہباز شریف

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم نے شوگر ملز ،ڈیلرز کےخلاف ایف بی آر، ایف آئی اے اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس چوری، غیر دستاویزی سیلز اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کےلئے مشترکہ کارروائی کی ہدایت کر دی۔

شہبازشریف کی ہدایت پر جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر،آئی بی اور ایف آئی اے شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس کی چوری کے سدباب کو یقینی بنائیں، شوگر کرشنگ سیزن شروع ہو رہا ہے لہٰذا شوگر ملز اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے،شوگر ملز میں کیمرے نصب کرنے سے چینی کی ذخیرہ اندوزی نہیں ہو سکے گی اور قیمتوں میں توازن رہے گا، ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کیمروں کے ذریعے شوگر ملز کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھی جائےگی جبکہ سیلز ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے شوگر سٹہ مافیا کےخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سٹیل، سگریٹ، سیمنٹ ،مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جائیں۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران شہباز شریف نے سعودی نائب وزیر داخلہ کا پاکستان میں خیرمقدم کیا، وزیر اعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان اور سعودی عرب باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون میں مزید مضبوط بنانے کےلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان میں 2.8 امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا،ملاقات میں غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستانی عوام سعودی ولی عہد کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔