لاہور (مشرق نیوز) سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد نذیر جونیئر کی طبیعت خراب ہوگئی اور اب انہیں بہترین علاج کی ضرورت ہے۔ان کے بیٹے نعمان نذیر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ والد کو فوری طور پر بہترین علاج معالجے کی ضرورت ہے۔محمد نذیر جونیئر کے صاحبزادے نعمان نذیر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ والد کے سینے میں انفیکشن اور پیٹ میں پانی جمع ہوگیا ہے، وہ خود بھی ان کے علاج کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور حکومت انکے والد کے علاج کیلئے اقدامات کرے۔بیٹے نے کہا کہ پی سی بی نے پہلے بھی ان کے ساتھ بہت تعاون کیا ہے لیکن اس وقت انہیں انتہائی نگہداشت کی اشد ضرورت ہے اسلئے اب پی سی بی اور حکومت اس حوالے سے تعاون کرے تاکہ علاج اچھے طریقے سے ہو سکے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد نذیر جونیئر نے پاکستان کے لیے 14 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچز کھیل رکھے ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 37 وکٹیں حاصل کی ہیں۔محمد نذیر جونیئر 5 سال قبل ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور اس کے بعد سے وہ مختلف پیچیدگیوں کی وجہ سے نارمل زندگی گزارنے سے قاصر ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد نذیر جونیئر کی طبیعت خراب، بہترین علاج کی ضرورت


















