پارلیمان شعبہ صحت کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے: ایاز صادق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمان ملک کے صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے،نوجوان ڈاکٹرز صحت کے نظام میں مثبت تبدیلی لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی محنت، عزم اور ہمدردی اس شعبے کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مدد کریگی، عام آدمی عدالت میں اپنے کیس اور ہسپتال میں اپنے علاج کیلئے سب جمع پونجی غرچ کر دیتا ہے۔ڈاکٹر کے ایسے میں اچھے الفاظ اور مسکراہٹ مریض کو نئی زندگی دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوکالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی )کے 57ویں کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا جس میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل(ر) اظہر کیانی ، سابق نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر ، ایف سی پی ایس کے صدر ڈاکٹر شعیب شفیع کے علاوہ ملک بھر سے نامور ڈاکٹروں ،پاس آﺅٹ ہونے والے نوجوان ڈاکٹروں اور ان کے اہلخانہ کی کثیر تعداد شریک تھی۔ سپیکر نے کہا کہ آج یہاں سے پاس آوٹ ہونے والے نوجوان ڈاکٹر ملک کے صحت کے نظام کی ترقی کیلئے بھرپور کردار کریگی۔انہوں نے سی پی ایس پی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے بہترین طبی اداروں میں سے ایک قرار دیا جو نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان رکھتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے نوجوان ڈاکٹروں کو کہا کہ وہ اپنے کو صرف علاج تک محدود نہ رکھیں بلکہ مریضوں کے ساتھ ہمدردی پر مبنی تعلق قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز جیسے دیہی علاقوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی اور زچہ و بچہ کی صحت میں بہتری آپ کے عزم اور مہارت کے بغیر حل نہیں ہو سکتے۔سی پی ایس پی کی چھ دہائیوں پر محیط خدمات کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ یہ ادارہ پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم میں اعلیٰ معیار قائم کرنے میں پیش پیش رہا ہے۔انہوں نے ادارے کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جو جدید نصاب اور ٹیکنالوجیز کے ذریعے اپنے فارغ التحصیل طلبہ کو عالمی معیار کا طبی ماہر بنا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فارغ التحصیل افراد کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ ادارہ صرف تعلیم نہیں بلکہ ہمدردی اور انسانیت کی اقدار کو بھی فروغ دیتا ہے۔سپیکرقومی اسمبلی نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے سی پی ایس پی جیسے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے ادارے کی قیادت پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور ہمدردانہ قیادت کو فروغ دینے پر بھی توجہ دے۔سردار ایاز صادق نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے اور امید ہے کہ آپ اپنی مہارت اور خدمات سے پاکستان کے صحت کے نظام میں انقلاب لائیں گے۔سپیکر نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے صحت کے شعبے میں بہتری ضروری ہے، میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان اپنے خاندان کےلئے قابل فخر ہوتے ہیں،یہ مقدس پیشہ ہے، ڈاکٹر سے مریض کو اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد سب زیادہ امید وابستہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کو زیادہ سے زیادہ ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں،انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی دوسرا کام معتبر نہیں، انسانیت کی خدمت کر کے جو خوشی اور سکون قلب حاصل ہوتا ہے اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ قبل ازیں ایف سی پی ایس کے صدر ڈاکٹر شعیب شفیع نے ایس سی پی ایس کو درپیش مسائل اور اداروں کی ریجسٹریشن کے سلسلے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا ہے جس میں میڈیکل کے شعبے سے وابستہ تمام افراد انکے شکر گزار ہیں۔