دہشت گردوں کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ملک سے مکمل خاتمے تک انکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ضلع قلات کے علاقے شاہِ مردان میں دہشت گردوں کے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی بقا کی خاطر افواج پاکستان کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کی لازوال قربانیاں ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور انکے اہل خانہ پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے اور 4 کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی کی۔ انہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 7 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر ہونے والے حملے میں 7 اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔