سپین کے پارلیمانی وفد کا دورہ واہگہ بارڈر ،پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت


لاہور: (خبر نگار) پاکستان کے دورے پر آئے سپین کے پارلیمانی وفد نے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا اور پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کی ،پرچم اتارنے کی پروقار تقریب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی شریک رہی۔

تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا ،پاکستان رینجرز کے باہمت جوانوں نے پریڈ کی،رینجرز جوانوں کےساتھ عوام کا جوش و خروش دیدنی رہا ،فضافلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

پاکستان ،بھارتی رینجرز کے سرحدی محافظ پریڈ کے دوران ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے نظر آئے ،پاکستانی شائقین نے اپنے جوانوں کا نعروں کے ساتھ بھرپور ساتھ دیا اور فضا میں پاکستانی جوانوں کے بوٹوں کی گھن گرج سنائی دی، تقریب کے اختتام پر سپین کے پارلیمانی وفد نے پاک بھارت بارڈر پر زیرو لائن کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر سکیورٹی افسرلیفٹیننٹ کرنل اعظم شاہ نے وفد کو بریفنگ دی۔