چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے پرعزم،افغانستان صبر کا مزید امتحان نہ لے:پاکستان


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے کہاہے چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے پرعزم،افغانستان پاکستانیوں کے صبر کا مزید امتحان نہ لے،بھارت کھیلوں کو سیاست کی نذر نہ کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہاپاکستان چینی باشندوں،کمپنیوں ، منصوبوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے،دونوں ممالک کے تعلقات کو ایجنڈے کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چین کی جانب سے اپنی سکیورٹی بھیجنے کی تردید کرتے ہیں،میڈیا افواہوں کا جواب نہیں دے سکتے ،قیاس آرائیوں پر یقین نہ کیا جائے،دونوں ممالک باہمی احترام کےساتھ ایک دوسرے کی سلامتی کا احترام کرتے ہیں، کسی کو بھی پاک چین سٹرٹیجک تعلقات کو ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہابھارتی ٹیم کے معاملے پر کرکٹ بورڈ ہی کمنٹ کر سکتا ہے تاہم چیمپئنز ٹرافی کےلئے کوئی بیک ڈور چینل کام نہیں کر رہے ، کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے،پاک امریکہ طویل دو ستانہ تعلقات ،باہمی مفادات اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہیں، پاکستان امریکی انتظامیہ میں کسی کی تقرری کا مطالبہ نہیں کرسکتا، زلمے خلیل زاد کے پاس کوئی عہدہ نہیں ،سوشل میڈیا پر کسی قسم کے بیان کا جواب نہیں دیا جاسکتا۔

دفتر خارجہ نے وزیر دفاع خواجہ آصف کےساتھ بیرون ملک بدتمیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا خواجہ آصف کو دھمکیوں ،گالیوں کی مذمت کرتے ہیں،کسی بھی شہری کےساتھ بیرون ملک ناروا سلوک برداشت نہیں، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کےخلاف احتجاج کے معاملے پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن برطانوی حکام کےساتھ رابطے میں ہےں، احتجاج مہذب انداز میں ہونا چاہیے، کسی کو گالیاں دینا ناقابل قبول ہے، احتجاج کے دوران پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہاوزیراعظم شہباز شریف نے باکو میں کاپ 29 سربراہ اجلاس میں شرکت کی، ریاض میں فلسطین پرعرب اسلامی سربراہ کانفرنس میں بھی شریک ہوئے، عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار 17نومبر تک متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے، اسحاق ڈار دورہ وزیر خارجہ یو اے ای شیخ عبداللہ بن زید النہیان کی دعوت پر کررہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاپاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش ہے، جیلوں میں قیدیوں کےساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے، بھارتی حکام بے بنیاد مقدمات میں گرفتار سیاسی قیدیوںکو رہا کرے،پاکستان مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہاافغانستان پر روسی صدر کے نمائندہ خصوصی پاکستان پہنچ رہے ہیں، نمائندہ خصوصی سیکرٹری خارجہ، افغانستان ومغربی ایشیاءکیلئے ایڈیشنل سیکرٹری سے ملاقات کریں گے، افغانستان دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کیخلاف کارروائی کرے،افغان انتظامیہ پاکستان کی بارہا کی جانےوالی درخواستوں کو سنجیدہ لے، پاکستانی عوام کے برداشت کو مزید مت آزمائیں۔