پنجاب بھر میں غیر قانونی بلڈ بنکس نہیں چلنے دیں گے: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں رینل ٹرانسپلانٹیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے صوبہ بھر میں رینل ٹرانسپلانٹیشن کے حوالے سے سرکاری ہسپتالوں کی موجودہ صلاحیت میں مزید اضافہ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈی جی پی ہوٹا پروفیسر شہزاد انور اور وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز سمیت دیگر نے قیمتی آراءپیش کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں رینل ٹرانسپلانٹیشن کی سہولیات میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے سرکاری ہسپتالوں کی استعدادکار بھی بڑھائی جائے گی۔ محتاط اندازے کے مطابق دنیا بھر میں 850 ملین افراد گردوں کی بیماریوں کا شکار ہیں۔ دنیا کی تقریباً 10 فیصد آبادی اس مرض میں مبتلا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان کی تقریباً 29 فیصد آبادی اس مرض کا شکار ہے۔ صوبہ بھر میں کڈنی ٹرانسپلانٹیشن کے نئے انسٹیٹیوشنز بنانے ہوں گے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کا اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر وسیم نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں غیر قانونی بلڈ بنکس کو نہیں چلنے دیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں صاف خون کے استعمال کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہمیں سیف بلڈ فار آل کے مشن کو کامیاب بنانا ہے۔علاج و معالجہ کے دوران صاف خون کا استعمال ہر مریض کا بنیادی حق ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات کو بلڈ بنکس کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔دوسری طرف صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب نے انڈس ہسپتال جوبلی ٹاو¿ن لاہور کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر بانی انڈس ہسپتال لاہور جاوید ارشد بھٹی ،ڈائر یکٹر انڈس ہسپتال میاں احسن، سی ای او انڈس ہسپتال نارتھ ڈاکٹر شفیق حیدر، سی ای او لمز ڈاکٹر تسمان ابن رسا اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر (آر ٹی ایچ ٹی) عزیز الرحمن موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انڈس ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کر کے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی ،او پی ڈی اور ہسپتال میں دیگر مہیا کی جانے والی سروسز کو سراہا۔صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ انڈس ہسپتال میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے نظام سے بہت متاثر ہوا ہوں۔