بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ‘ بھارتی ٹیم کو پاکستان آنے کیلئے تاحال منظوری نہ مل سکی

نئی دہلی (مشرق نیوز) بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنے کیلئے تاحال حکومتی منظوری نہ مل سکی۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم حکومتی اجازت کی منتظر ہے، بھارتی ٹیم نے پاکستان میں بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینا ہے۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارتِ کھیل کی جانب سے این او سی مل چکا ہے جبکہ ٹیم کو وزارت داخلہ اور خارجہ سے تاحال کلیئرنس نہیں ملی۔اس حوالے سے انڈین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شیلندرا یادیو کا کہنا ہے کہ 2 ہفتوں سے حکومتی کلیئرنس کا انتظار کر رہے ہیں، حکومت سے ہاں یا ناں چاہیے۔شیلندرا یادیو نے کہا کہ آخری مرتبہ 2014 میں باہمی سیریز کیلئے پاکستان گئے تھے، 2018میں حکومت نے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ 2023 میں پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔ان کا کہنا ہے کہ ہمیں حکومتی فیصلہ منظور ہو گا بس ہمیں وضاحت چاہئے۔