شاہینوں کی تاریخی فتح،کینگروز کو 22سال بعد ہوم گراﺅنڈ پرپچھاڑ دیا

پرتھ،اسلام آباد،لاہور،کراچی: (ایم این پی،سپورٹس رپورٹر)شاہینوں کی تاریخی فتح،کینگروز کو 22سال بعد ہوم گراﺅنڈ پرپچھاڑ دیااور ون ڈے سیریز2-1سے اپنے نام کرلی۔

پرتھ میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی پیس بیٹری نے کینگروز کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دئیے، قومی ٹیم نے 31.5 اوورز میں آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی 140 رنز پر آوٹ کردئیے ، ایک کھلاڑی انجری کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کےلئے میدان میں نہیں اترے، نسیم شاہ ،شاہین شاہ آفریدی 3،3 حارث روف نے 2 اور حسنین نے شکار کیا۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف 27 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، اوپننگ جوڑی نے ایک بار پھر پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کو 84 رنز کا آغاز فراہم کیا،پچھلے میچ میں نصف سنچریاں بنانے والے صائم ایوب نے 42 رنز کی اننگز کھیلی ،عبداللہ شفیق 37 رنز بناکر چلتے بنے،کپتان رضوان 30 اور بابراعظم 28 رنز پر ناقابل شکست رہے،آسٹریلیا کی جانب سے دونوں وکٹیں لینس موریس نے حاصل کیں،میچ اور پلیئر آف دی سیریزکاایوارڈ حارث نے اپنے نام کرلیا۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ،وزرائے اعلیٰ،چیئرمین پی سی بی ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے تاریخی فتح پر قوم کو مبارکبا دیتے ہوئے کہاآسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراﺅنڈ پر شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا،جیت قوم کےلئے انتہائی خوشی کا موقع ہے،تمام کھلاڑی ،مینجمنٹ تعریف کی مستحق ہے ، فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں،8 وکٹوں سے کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔