جیسن گلیسپی کی پاکستان ٹیم کی وائٹ بال فارمیٹ میں کوچنگ کیلئے عدم دلچسپی

سڈنی (مشرق نیوز) جیسن گلیسپی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ میں کوچنگ سنبھالنے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی۔انہوں نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کے دوران کوچنگ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ بال فارمیٹ میں صرف عبوری کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی ہے، ابھی اس وقت وائٹ بال فارمیٹ میں مستقل کوچنگ کرنے کا خواہشمند نہیں ہوں۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ میں نے کوچنگ کیلئے اپنا نام نہیں دیا ہے، پاکستان کرکٹ میں صر ف ریڈ بال کی کوچنگ کرنے کا مقصد ہی یہ تھا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار سکوں۔سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے کہا کہ مجھے کوچنگ سے محبت ہے، مگر میں یہ سمجھتا ہوں کہ 11 مہینوں تک گھر سے باہر نہیں رہ سکتا، میں نہیں سمجھتا کہ ذہنی طور پر بھی میں یہ سب ہینڈل کرسکوں گا۔یاد رہے کہ ریڈ بال فارمیٹ کے کوچ جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کیلئے وائٹ بال کوچ بنایا گیا تھا۔واضح رہے کہ گیری کرسٹن نے پاکستان ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کیلئے روانگی سے چند روز قبل استعفیٰ دے دیا تھا۔