رائیونڈ (نامہ نگار) تبلیغی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے مولانا ابراہیم دیولہ آف انڈیا،مولانا عبیدا للہ خورشید ودیگرمقررین نے کہا کہ نبی پاک کی مبارک زندگی کے مطابق زندگی گزارنا ہی دین ہے ،دین کو زندگیوں میں لانے کیلئے اس کو سیکھنا اور اس پر عمل کرنا ہے ،تب جاکر یہ ہمارے سینوں میں اترے گا ،انسان اپنی زندگی بہتر بنانے کےلئے ،اپنے کاروبار اور معاملات کے لئے شہر اور ملک چھوڑتا ہے حالانکہ یہ سراسر خسارے والا راستہ ہے ،اصل راستہ وہ ہے کہ جس پر چل کر ہماری دنیا بھی بن جائے اور آخرت بھی بن جائے،دین اصل ہے دنیا اصل نہیں ہے ،دنیا ایک بہت بڑا دھوکہ ہے جو دنیا کی رنگینیوں میں کھو گیا وہ تباہ وبرباد ہوگیا ،دین پر چلنے سے اللہ پاک کی قربت حاصل ہوگی ۔ علمائے کرام نے کہا کہ جب اللہ پاک ہم سے راضی ہوجائیں گے تو کامیابی ہی کامیابی ہے ،اللہ کے ہاں دنیا کی کوئی قدرو اہمیت نہیں،دنیا مومن کے لئے قید خانہ ہے دنیا موت پر چھوٹ جاتی ہے ،آج کا انسان دنیا کے کام سیکھتا ہے اس کیلئے دن رات ایک کردیتا ہے لیکن دین پر محنت نہیں کرتا ،دین سیکھنے سے آئے گا۔انہوںنے کہا کہ مخلوق سے ہونے کا یقین اور اللہ سے نہ ہونے کا یقین ہی درحقیقت اس ناکام مسلمان کا اصل روگ اور بیماری ہے ،اس بیماری کو ختم کرنے کیلئے اللہ سے ناطے کو جوڑنا ہوگا ،بے حیائی اور اسراف کو ترک کرنا ہوگا ،اللہ کے ذکر کرنے سے شفا ہوتی ہے ،دنیا کا ذکر کرنے سے بیماریاں جنم لیتی ہیں ،ذکر اذکار کی محافل بپا کرنا ہوں گی ،آج امت چاروں اطراف سے آفات کا شکار ہیں ،اپنی بد اعمالیوں کی وجہ ہم تنزلی کا شکار ہیں ،ہر آدمی اپنا محاسبہ کرے ،اپنے گریبان میں جھانکے ،خود کو سر سے لے کر پاﺅں تک آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالیں ،دنیا و آخرت کی کامیابی یقینی ہے۔تبلیغی اجتماع کے آخری روز لاکھوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے مزید کہا کہ دنیا دارالعمل ہے یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی کل کو کاٹیں گے ،جتنی دیر یہاں رہنا ہے اتنی یہاں محنت کریں ،آخرت کی زندگی نہ ختم ہونے والی زندگی ہے اس لئے وہاں کی تیاری کریں ،بنی نوع انسان مال ودولت کی حرص و ہوس میں اصل ذمہ داری سے غافل ہوچکا ہے ،دنیا کی رنگینی نے اصل کام سے توجہ ہٹا دی ہے ،اپنی زندگی کی سانسوں کو قیمتی جانتے ہوئے ان کو دین کی خدمت میں وقف کریں ،آج کا مسلمان وہ وعدہ بھول چکا ہے جو عالم ارواح میں رب کائنات سے کرکے آیا ہے ،اپنی توانائیوں کو فضول سرگرمیوں میں صرف کرنے کی بجائے اس کو آخرت کی تیاری میں لگائیں ،دانا اور عقلمند وہ ہے جو آنے والے وقت کی منصوبہ بندی کرے ،دنیا کی زندگی آزمائش اور امتحانوں سے بھری پڑی ہے ،بے حیائی کے بڑھتے ہوئے سیلاب کے آگے بند باندھنا ہوگا ،امت کو خرافات او ر پریشانیوں سے نجات کیلئے سرور کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنا ہوگا ،نجات اور کامیابی کاراستہ ہمیں اللہ کے نبی بتا گئے ہیں ہم جان بوجھ کر اپنی جانوں پر ظلم کرکے دینی تعلیمات سے روگردانی کرکے ذلت ورسوائی کے اسباب پیدا کررہے ہیں ،آج ہماری اولادیں نافرمان اور کاروبار سے برکتیں اور رحمتیں اٹھ گئی ہیں ،ہمارے گھروں کا ماحول غیر اسلامی ہوچکا ہے ،آج کا مسلمان اپنے بچے کے روشن مستقبل کیلئے فکر مندہے اس کو اعلی تعلیم دلوا رہا ہے جب کہ دینی تعلیم کو پس پشت ڈالا جارہا ہے ،کامیاب انسان وہی ہے جو دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کی فکر بھی کرئے ،ہر انسان کو جنت میں لے جانے کی تڑپ اور فکر سینوں میں پیدا کرنا ہوگی ،تبلیغی جماعت کی ترتیب پہلے سہ روزہ،پھر عشرہ پھر چلہ لگا کر دین کو سیکھا جائے ہمیں زندگی کے دیگر معاملات کی طرح تبلیغ کیلئے وقت نکالنا چاہئے اس سے دین کی سوجھ بوجھ آئیگی۔دریں اثناءعالمی تبلیغی اجتماع آہوں، سسکیوں اوررقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔اختتامی دعامولانا محمد ابراہیم آف انڈیانے کروائی ،دعا صبح 8 بجکر 36 منٹ پر شروع ہوئی جس کا دورانیہ 12منٹ رہا ۔دعا کے اہم نکات درج ذیل تھے۔یااللہ امت کو پریشانیوں سے نکال دے،یااللہ مقروضین کے قرضوں کی ادائیگی کے لئے غائب سے اسباب پیدا فرما،بے اولادوں کو نرینہ اولاد نصیب فرما،پوری دنیا میں دینی مدارس کی حفاظت فرما،یاللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما،اپنی رحمتوں و برکتوں کا نزول فرما،یاللہ ہمارئے اٹھائے ہوئے ہاتھوں کو قبول فرما،دعوت و تبلیغ کے کام کو پوری دنیا میں پھیلا دے،امت کو مشکلات اور پریشانیوں سے نجات دے،مساجد کی حفاظت فرما،یاللہ دین کی ہوائیں چلا دے،دین کی فضا ئیں بنا دے،ہر امتی کو دین پر چلنے والا بنا دے،اکرام مسلم پر عمل کی توفیق فرما،اجتماع کو قبول فرما۔
رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع، امت چاروں اطراف سے آفات کا شکار، بداعمالیوں کے باعث تنزلی کا شکار ہے: علماءکرام
















