دیپالپور بازار اور دیگر مارکیٹس سے تجاوزات کو فوری کلیئر کیا جائے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ساہیوال شہر کے بازاروں میں تجاوزات پر شدید اظہار ناراضگی کرتے ہوئے دیپالپور بازار اور دیگر مارکیٹوں کو تجاوزات سے فوری کلیئر کروانے کی ہدایت کی ہے، دیپالپور بازار میں مچھلی و مرغی فروشوں کے سامان کو ضبط کر کے مقدمات درج کرائے جائیں، عوام کیلئے تکلیف کا باعث بننے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، کارپوریشن کا عملہ روزانہ3دفعہ بازاروں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے یہ ہدایات میونسپل کارپوریشن اورپسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈی جی پی ایچ اے ملک اکرام سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد کو ہدایت کی کہ کمرشل علاقوں میں سیوریج کے نظام کی بہتری کیلئے جامع منصوبہ بنایا جائے جس میں سیوریج لائنوں کو تبدیل کرنا بھی شامل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزدور پلی پر جمع ملبے کے ڈھیرفوری اٹھایا جائیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ڈی جی پی ایچ اے ملک اکرام کو ہدایت کی کہ وہ فرید ٹاﺅن روڈ کی گرین کو مزید بہتر کیا جائے۔ کمشنرساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ایکسین بلڈنگ کو اے سی آفس چیچہ وطنی کا دورہ کرنے اور آفس کی بہتری کیلئے جامع منصوبہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔