لندن میں فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے میں ملوث افراد کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ منسوخی کا حکم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمیشن کے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ قابل مذمت ہے، نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے، حملہ آوروں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، پاکستان میں ایف آئی آر درج کر کے مزید کارروائی ہوگی ، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا، کسی کو بھی ایسے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وزیر داخلہ نے کہا لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا، خاموش نہیں بیٹھ سکتے، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی، تحقیقات کی جائیں گی۔