لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب اسمبلی کے ایوان کو آگاہ کیا ہے کہ سموگ کی ابتر صورتحال کے پیش نظر آج سے سپیشل سکولوں میں چھٹی دے رہے ہیں ،پرائمری سکولز کو اگر چھٹی دینا پڑی تو اس پر بھی غور کیا جائے گا، سموگ کے تدارک کیلئے لاہور میں گرین لاک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت مختلف اقدامات اٹھائے جائیں گے جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ سموگ میرے اور آپ کے بچوں کو متاثر کررہی ہے ،سموگ کی وجہ سے لاہور اور اس کے اطراف میں ہر سال سانس کی بیماریوں کے مریضوں میں بیس فیصد اضافہ ہورہا ہے ،معزز اراکین سے درخواست ہے یہ ہمارا نیشنل کاز ہے ،اگر ہم نے زندگی کا طریق کار تبدیل نہ کیا تو چیزیں بہتر نہیں ہوںگی ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت کی بجائے تین گھنٹے پانچ منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ سموگ کی بدترین صورتحال پر بلائے گئے خصوصی اجلاس میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اکتوبر سے جنوری تک سموگ کا سیزن ہوتا ہے تاہم اسے کنٹرول کرنے کیلئے حکومتی سطح پر مارچ سے آغاز کر دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم 275 دنوں سے آلودہ ہوا میں سانس لے رہے ہیں، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس تیزی سے بڑھتا ہے جو اب ملتان تک جا رہا ہے، اس کے علاوہ صوبے کے 11 شہروں میں درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔سی اینڈ ڈبلیو، ٹرانسپورٹ 39 فیصد اسموگ کا باعث ہیںجبکہ زراعت 15 سے 20 فیصد، فیکٹریاں 2 فیصد تک اسموگ کی وجہ بنتی ہیں۔پہلے محکمہ ماحولیات کے پاس ٹوٹی ہوئی گاڑیاں تھیں، تاہم اب محکمے کی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر چیزیں بدل دی گئی ہیں۔اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر تبدیل کیا جا رہا ہے، صوبے بھر میں ساڑھے 600 بھٹوں کو گرا دیا گیا ہے جبکہ بھٹوں پر کیو آر کوڈ لگا دئیے گئے ہیں، پلانٹ فار پاکستان کے ذریعے پنجاب میں چالیس لاکھ درخت لگ چکے ہیں،ایک سال میں اسموگ کے بلاک کےلئے 10ارب کی رقم رکھی گئی ہے ،پنجاب حکومت نے مصنوعی بارش برسانے کی ٹیکنالوجی حاصل کرلی ہے ،ہمارے پاس اس وقت ٹیکنالوجی موجود ہے ،وقت آنے پر ہم یہ تجربہ کرےں گے ،وزیر اعلی پنجاب نے آج ایک روڈ میپ دے دیا ہے جس کے تحت اہداف دیئے گئے ہیں،وزیر اعلی پنجاب اس کی میٹنگز کو خود چیئر کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے فضائی آلودگی ہوا کے ساتھ پاکستان میں داخل ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہاں کا اے کیو آئی لیول 700سے اوپر چلا جاتا ہے ،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اس معاملے پر بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی کو خط لکھنے لگی ہیں۔
سموگ کی ابتر صورتحال ،سپیشل سکولوں میں چھٹی، پنجاب حکومت نے مصنوعی بارش برسانے کی ٹیکنالوجی حاصل کرلی: مریم اورنگزیب
















