افسران دفاتر میں سائلین کی دادرسی کو یقینی بنائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال(چوہدری اشرف سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا سڑکوں کے زیرتعمیر منصوبوں پر کام کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ۔ پاک پتن روڈ، عارف والا روڈ، اڈہ شریں والا موڑ، نائی والا بنگلہ، اڈہ 6/11ایل تا کھوئیاں والا، 38پھاٹک تا اڈہ بوٹی پال روڈ پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے محکمہ ہائی وے کی جانب سے پاک پتن روڈ، عارف والا روڈ، اڈہ شریں والا موڑ، نائی والا بنگلہ، اڈہ 6/11ایل تا کھوئیاں والا، 38پھاٹک تا اڈہ بوٹی پال روڈ پر جاری کام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایس ای محکمہ ہائی وے ارشد ندیم اور دوسرے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اولڈ ہڑپہ روڈ نزد وکلاءکالونی کی سیوریج لائن بارے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔ انہوں نے کہا کہ عارف والا روڈ اور پاک پتن روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ دونوں بڑی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی پریشانی کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر سعید خان لودھی کو ہدایت کی کہ پاک پتن چوک میں جاری کام کے دوران ٹریفک اہلکار ہمہ وقت موجود رہیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔انہوں نے شریں موڑ، نائی والا بنگلہ اور اڈہ بوٹی پال سے تجاوزات کو فوری ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت درخواست گزاروں سے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل سنے۔ انہوں نے شہریوں کی درخواستوں پر افسران سے رپورٹ طلب کی اور کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افسران بھی اپنے اپنے دفاتر میں موجودگی کے ساتھ سائلین کی داد رسی کو یقینی بنائیں اور انہیں باربار دفاتر کے چکر لگانے سے بازرہیں اور مختص اوقات کے دوران اپنے دفاتر کے دروازے درخواست گزاروں کیلئے کھلے رکھیں۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس کے مسائل کے حل سے ہی سرکاری دفاتر پر شہریوں کا اعتماد بڑھتاہے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی سے واسا لاہور کی ٹیم ساہیوال پہنچ گئی، سیوریج لائنوں کی صفائی میں کارپوریشن کے عملے کی رہنمائی کریگی اور کالج چوک میں سیوریج لائن کے مسائل حل کرنے میں تکنیکی مدد دے گی، اس مین لائن کی صفائی نہ ہونے سے کارپوریشن کو سیوریج کی نکاسی میں شدید مشکلات کا سامنا تھا جس کی وجہ سے صدر بازار، سوڑی گلی اور گردونواح کے کمرشل علاقے میں سیوریج کا پانی خریداری کے لئے آنے والوں کیلئے وبال جان تھا۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے چوک پاکپتن میں کینال ویو کالونی کے سیوریج مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی جس کی وجہ سے پاک پتن روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کا کام متاثر ہورہا ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈی جی پی ایچ اے ملک محمد اکرام،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے اجلاس کو بتایا کہ شہر کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لئے جاپان کے تعاون سے ایک سٹڈی کی جا رہی ہے جس سے لینڈ فل سائٹس قائم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ سٹی منیجر پسپ علی خان نے بتایا کہ اندرون جی ٹی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کا کام نومبر کے وسط سے شروع کر دیا جائے گا اور اسے 3مہینوں میں مکمل کیا جائے گا جس کے بعد محکمہ ہائی وے سڑک کی اپ گریڈیشن کا کام شروع کر سکے گا۔