پنجگور: ڈیم کی دیکھ بھال پر مامور افراد پر فائرنگ، 5 جاں بحق، 2 زخمی، ڈیرہ مراد جمالی میں خاتون سمیت2افراد قتل

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے پروموم میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈیم کی دیکھ بھال پر مامور 5 افراد جاں بحق،2زخمی ہوگئے،ڈیرہ مراد جمالی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کردیا،لیویز کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پنجگور کے سرحدی علاقے پروم میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کی میتوں کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا،لیویز کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، تلاش کےلئے سرچ آپریشن جاری ہے،دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی کی تحصیل نصیر آباد کے پولیس تھانہ فلیجی کی حدود گوٹھ بانڑی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کردیا،واقعے کی وجہ سیاہ کاری بتائی گئی ہے جبکہ لاشیں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردی گئی، ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں،پولیس نے دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت اور ناقابل معافی ہے، دہشت گرد ترقی اور امن کے مخالف ملک دشمن عناصر کے پیروکار ہیں، بلوچستان میں امن و ترقی دشمن کی آنکھ میں کھٹک رہی ہے لیکن دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کبھی کامیابی نہیں مل سکتی، دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے، ناحق خون کا حساب دینا ہوگا،سرفراز بگٹی نے کہا دہشت گرد بزدل ہیں، جنہوں نے رات کی تاریکی میں معصوم افراد کو نشانہ بنایا، ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،مزید برآں صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد کے قتل کی مذمت کی اور دہشتگرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔