لاہور (ایم این پی) پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے عہدے سے استعفیٰ دےدیا،ذرائع کے مطابق پی سی بی سے اختلافات کے باعث گیری کرسٹن نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا،ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کے سلیکشن کمیٹی، سینٹرل کنٹریکٹس اور سپورٹ سٹاف میں من پسند افراد کو شامل نہ کرنے پر پی سی بی سے اختلاف ہوئے تھے، گیری کرسٹن سینٹرل کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کو من پسند کیٹیگری دلوانا چاہتے تھے، پی سی بی کنٹریکٹ کے مطابق گیری کرسٹن ایک مہینہ چھٹیاں جبکہ 11 ماہ پاکستان میں ٹیم اور کرکٹ پر کام کرنے کے پابند ہیں لیکن گیری کرسٹن صرف کیمپس اور سیریز کے دوران ہی پاکستان آنے پر بضد تھے،ذرائع کے مطابق گیری نے سپورٹ سٹاف میں ڈیوڈ ریڈ کے معاہدے کی وضاحت مانگی، وضاحت نہ دینے کی صورت میں گیری کرسٹن نے قومی کرکٹ ٹیم کےساتھ دورہ آسٹریلیا پر نہ جانے کی دھمکی دی، گیری کرسٹن سپورٹ سٹاف میں من پسند افراد کو شامل کرنے پر بضد تھے،دریں اثناءپاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کےلئے قومی وائٹ بال ٹیم کا بھی عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا،ذرائع کے مطابق جیسن گلیسپی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور ریڈ بال ہیڈ کوچ پہلے ہی کام کر رہے ہیں، آسٹریلیا اور زمبابوے کیخلاف وائٹ بال سیریز کے بعد پی سی بی نیا ہیڈ کوچ مقرر کرے گا اور نیا وائٹ بال ہیڈ کوچ ملکی ہو گا،ذرائع کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا مستقل ہیڈ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔
پی سی بی سے اختلافات، ہیڈ کوچ وائٹ بال ٹیم گیری کرسٹن مستعفی، جیسن گلیسپی کو عبوری ذمہ داری مل گئی


















