اسلام آباد کے ریڈ زون کی سکیورٹی رینجرز کے حوالے کرنے پر غور

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد کے ریڈ زون کی سکیورٹی رینجرز کے حوالے کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں اہم ترین غیرملکی شخصیات کی آمد اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے حوالے سے وفاقی حکومت ریڈ زون کی سکیورٹی رینجرز کے حوالے کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کی تعیناتی ایس سی او کانفرنس ختم ہونے تک کی جائیگی، رینجرز اہلکاروں کو اہم سرکاری عمارتوں کے باہر تعینات کیا جائیگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر بھی رینجرز کی نفری تعینات ہو گی۔ اس سے قبل گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا جس میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی تھی۔