فسٹیولا کی پیچیدگی کے خاتمے کی عالمی مہم پر بین الاقوامی آگاہی سیمینار

لاہور:(ہیلتھ رپورٹر) آئی آر ایم این سی ایچ (IRMNCH)، پی این ایف ڈبلیو ایچ (PNFWH) اور یو این ایف پی اے (UNFPA) کے اشتراک سے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ اوبسٹیٹریکس اینڈ گائناکالوجی یونٹ 2 کی سربراہ پروفیسر شمیلہ اعجازمنیر کے زیر انتظام زچگی کے دوران فسٹیولا کی پیچیدگی کے خاتمے کی عالمی مہم پر بین الاقوامی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا،وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بطور سرپرست اعلیٰ شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر شیر شاہ سید، معروف بین الاقوامی پاکستانی کنسلٹنٹ اوبسٹیٹریکس اینڈ گائناکالوجسٹ/ سربراہ، پاکستان نیشنل فورم فار وومن ہیلتھ، ڈاکٹر امینڈا سٹرن ، کنسلٹنٹ اوبسٹیٹریکس اینڈ گائناکالوجسٹ اور ماہر لپروسکوپی، فالن ہسپتال، سویڈن ڈاکٹر مارٹن وری بلون ، کنسلٹنٹ اوبسٹیٹریکس، یوروگائناکالوجسٹ اور ماہر لپروسکوپی، فالن ہسپتال، سویڈن؛ ڈاکٹرروبینہ علی ، یو این ایف پی اے اور ڈاکٹر سجاد صدیقی ، فوکل پرسن فسٹیولا پروجیکٹ ، پی این ایف ڈبلیو ایچ نے بطور گیسٹ سپیکر شرکت کی۔

حمل اور زچگی کے دوران ماں کی صحیح دیکھ بھال اور علاج نہ ہونے کی صورت میں عورتوں کے جسم میں کئی طرح کی خرابیاں پیدا ہو جاتی ہیں، دوران زچگی پیشاب کی نالی میں سوراخ ، زچگی کے دوران فسٹیولا کہلا تا ہے جس کے باعث پیشاب مسلسل بہتا رہتا ہے، یہ بہت تکلیف دہ بیماری ہے جو نہ صرف جسمانی اذیت بلکہ شدید نفسیاتی اور سماجی اذیت کا باعث بنتی ہے،استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے گیسٹ سپیکرز کو خوش آمدید کہا، انہوں نے یونیورسٹی کی کارکردگی پر مختصر بریفننگ دی،پروفیسر ڈاکٹر شیر شاہ سید نے کہا ہمیں سرجنز کی ٹریننگ میں مزید بہتری کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کے بیماریوں سے بچا جا سکے،بیماری کی روک تھام کےلئے مڈ وائفری کا کردار بہت اہم ہے، پاکستان میں زچگی کے دوران فسٹیولا کی پیچیدگی کے علاج کی فری سہولت موجود ہے۔