دکانداروں سے بقایا جات کی وصولی یقینی بنائی جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کرائے پر دی گئی دوکانوں سے کرایہ وصولی کا کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی، دوکانداروں سے تمام بقایا جات کی وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے،کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈی جی پی ایچ اے اکرام ملک،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن خالد محمود گیلانی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی او شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ اب تک کرایوں کی مد میں 5کروڑ 35لاکھ98ہزار روپے وصول کئے جا چکے ہیں جو کل وصول کئے جانے والے کرائے 29کروڑ90لاکھ63ہزار کا 18فیصد ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اندرون جی ٹی روڈ اور ریلوے روڈ لاری اڈوں سے فیس کی وصولی بھی جاری ہے جو بالترتیب 47ہزار روپے اور17ہزار روپے روزانہ ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے وصولی کی شرح بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگلے مالی سال سے اڈا فیس میں اضافے کیلئے ابھی سے ضروری کارروائی شروع کر دی جائے۔ اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے اکرام ملک نے بتایا کہ اندرون جی ٹی روڈ کے ساتھ گرین بیلٹ کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ فتح شیر روڈ پر بھی پودے لگائے جا رہے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے بجلی اور ٹیلی فون کے پولز سے غیر ضروری تاروں اور رسیوں کی صفائی کے جاری کام کو سراہا اور ہدایت کی کہ پورے شہر میں پولز کو صاف کیا جائے۔ انہوں نے شہر میں عارضی تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تجاوزات کرنے والے عادی دوکانداروں کے سامان کو بھی ضبط کیا جائے۔