سلامتی کونسل اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے: وزیراعظم شہباز شریف

نیویارک (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔ شہباز شریف نے اعلیٰ سطح کے مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ’قیادت برائے امن‘ پر مباحثے کے لیے سلامتی کونسل کا یہ اجلاس منعقد کرنے پر سلووینیا کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ، یورپ اور دیگر خطوں میں پھیلتی جنگیں، بڑی طاقتوں کے مابین بڑھتی کشیدگی اور بڑھتی ہوئی غربت عالمی نظام کی بنیادوں کیلئے خطرہ بن رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو ہم نے مستقبل کے معاہدے کی منظوری دی، ہمیں اپنے وعدوں کو لازمی پورا کرنا ہوگا، وگرنہ مستقبل تاریک اور پرخطر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہمیں لازماً اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی سے روکنا ہوگا، اسی طرح اسرائیل کو مشرقِ وسطیٰ کے خطے تک تنازع کو بڑھانے سے باز رکھنا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیروت پر کی گئی بمباری انتہائی قابل مذمت ہے، وقت ا?گیا ہے کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر اور اسرائیل کے ساتھ تجارت پر پابندیاں عائد کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کی قیادت کو فلسطینی عوام کے خلاف اس کے جرائم کیلئے قابل گرفت ٹھہرایا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سلامتی کونسل کو یوکرین میں جنگ بندی اور مسئلے کے پرامن حل کیلئے غیرجانبدانہ منصوبہ تیار کرنا چاہیے اور اس جنگ کے جاری رہنے یا پھیلاو کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل جموں و کشمیر کے بگڑتے ہوئے تنازع کو مزید نظرانداز نہیں کرسکتی، یہ مسئلہ عالمی امن و سلامتی کیلئے ایک دائمی اور بدترین خطرے کا باعث ہے، مزید کہا کہ کونسل کو بڑے پیمانے پر کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی پامالی روکنے کا تقاضا کرنا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروانا چاہیے، جو وادی کشمیر میں عوام کو حق استصواب رائے دینے کی متقاضی ہیں۔

انہوں نے ہمسایہ ملک کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کو افغانستان سے ازسرنو سر اٹھاتے دہشت گردی کے خطرے کا موثر سدِباب کرنے پر بات کرنی چاہیے، خاص طور پر داعش، ائی ایس کے اور فتنہ الخوارج کے خطرے کا تدارک کرنا چاہیے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کو دہشت گردی کو شکست دینے اور بیرونی مداخلت روکنے کے لیے افریقی ممالک اور افریقی یوینین کی موثر مدد کرنی چاہیے، اقوامِ متحدہ کا امن مشن زیادہ موثر اور مضبوط بنایا جانا چاہیے۔

مزید کہا کہ ایشیا پیسیفک خطے میں بڑھتے ہوئے تناو کو کم کرنے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں، ریاستوں کے مابین صحتمندانہ مقابلہ ایک اچھا اور توانا رجحان ہے، تاہم اسے ایک برے تصادم کی شکل اختیار نہیں کرنی چاہیے۔