سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر کارروائی ہونی چاہئے: عظمیٰ بخاری، فیک ویڈیو کیس: ایف آئی اے سے کارکردگی رپورٹ طلب

لاہور (اپنے رپورٹر سے + کورٹ رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر کارروائی ہونی چاہیے،لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا لندن میں میری اجازت کے بغیر میری تصویر لی گئی، جو جو ٹوئٹ کیے گئے میں بتا بھی نہیں سکتی، اظہر صدیق نے جعلی دستاویزات جمع کرائیں اور بعد میں معافی مانگی، میں اپنے کیس پر حکومتی انفلوئنس استعمال نہیں کر رہی، اگر میں حکومت سے مدد طلب کروں تو میرا کیس خراب ہوگا، پی ٹی آئی جلسے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کی گئی، فلک جاوید کے والد نے میری ویڈیو کا الزام بھی مریم نواز پر لگا دیا، علی امین گنڈاپور نے بہت گھٹیا باتیں کیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گندی اور گھٹیا گفتگو کا علاج ہم نے کر دیا ہے،دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کےخلاف درخواست پر ایف آئی اے سے کارکردگی رپورٹ طلب کر لی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے عظمیٰ بخاری کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا ڈی جی ایف آئی اے کہاں ہیں؟ اس پر سرکاری وکیل نے آگاہ کیا کہ وہ سرکاری سطح پر میٹنگ کیلئے چین گئے ہیں، وہ اگلے ہفتے واپس آئیں گے جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا اگلے ہفتے کس تاریخ پر واپس آ رہے ہیں؟،وکیل وفاقی حکومت کانے کہا ہمیں اس حوالے سے معلومات نہیں، معلومات لے کر بتا دیتے ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ایک اتھارٹی ملک سے باہر جا رہی ہے، این او سی جاری ہوتا ہے اور آپ کو واپسی کی تاریخ کا ہی علم نہیں،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا آئندہ سماعت پر ڈی جی ایف آئی اے کے بیرون ملک جانے پر این او سی کے بارے میں بھی بتایا جائے،بعدازاں عدالت نے ایف آئی اے سے کارکردگی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔