سبزیوں کی کاشت بڑھانے کےلئے کوآپریٹو فارمنگ متعارف

لاہور: (اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت اجلاس میں ٹماٹر ،پیاز سمیت سبزیوں کی کاشت بڑھانے کیلئے کو آپریٹو فارمنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

5سے10کاشتکار پر مشتمل ویجیٹبل فارمر گروپ کو بیج،کھاد،ڈرپ اریگیشن اورسولرائزیشن پر سبسڈی دی جائے گی، پنجاب میں 2ہزار ایکڑ پر بے موسمی پیاز و ٹماٹر کی کاشت کا پراجیکٹ لانچ کیاجائے گا، آف سیزن کاشت سے پنجاب میں 6ماہ پیاز ،ٹماٹر مقامی طورپردستیاب ہونے سے مصنوعی مہنگائی نہیں ہوگی، کہروڑپکا،رحیم یار خان،وہاڑی اورراجن پور میں پیاز،خوشاب،چکوال،پنڈی اورجہلم میں آف سیزن ٹماٹرکی کاشت کا پلان ترتیب دیا گیا۔

اجلاس میں کاشتکاروں کی سہولت کیلئے پنجاب بھر میں ایگریکلچر مشینری رینٹل سروسزشروع کرنے کی منظوری دی گئی، ٹریکٹر،ہارویسٹر سمیت دیگر جدید ترین زرعی مشینری کاشتکار کو نوپرافٹ،نو لاس کی بنیاد پر کرائے پر میسر ہوگا، 67سے زائد مقامات وزرعی مشینری کے انتخاب کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا،مریم نوازنے سرکاری اراضی پر گندم کی بوائی یقینی بنانے کا حکم دےدیا۔

دریں اثناوزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے کہاپیارے بچوں میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، آپ کامیاب ہوں گے۔

مزید برآںوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کینسر کے مریضوں کی ویلفیئر کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کینسر کے مرض کا مقابلہ کرنے والے بہادر لوگ ہیں،مریضوں کے علاج و دیکھ بھال کےلئے پرعزم ہیں،لاہور میں سرکاری سطح پر نوازشریف کینسر ہسپتال قائم کررہے ہیں،مریم نواز نے کہاکینسر کے ہر مریض کو مفت،معیاری علاج مہیا کرنے کےلئے کوشاں ہیں،ہر ضلع میں کینسر کے علاج کےلئے خصوصی سینٹر بنائیں گے۔

علاوہ ازیںمریم نوازنے کاہنہ میں ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیکر آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی،وزیراعلیٰ نے زخمی موٹر سائیکل سوار اور بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاسخت احکامات کے باوجود ڈور پھرنے کا واقعہ انتہائی افسوناک ہے۔