نیا قرض پروگرام، تمام رکاوٹیں دور،IMFراضی،معاملات طے،بورڈ اجلاس 25ستمبر کو طلب، پاکستان ایجنڈے کاحصہ

واشنگٹن،اسلام آبا:د(بیورورپورٹ)نئے قرض پروگرام کیلئے تمام رکاوٹیں دور،آئی ایم ایف راضی،معاملات طے،ایگزیکٹو بورڈ اجلاس 25ستمبر کو طلب ،پاکستان کے قرض پروگرام کی منظوری کو بھی ایجنڈے کا حصہ بنالیا گیا ۔

ڈائریکٹرکمیونی کیشن آئی ایم ایف جولی کوزیک نے پریس بریفنگ میں کہاپاکستان نے ترقیاتی شراکت داروں سے درکار ضروری مالی یقین دہانیاں حاصل کرلیں ،بورڈ اجلاس میں قرض پروگرام کی منظوری متوقع ہے،پاکستان نے 9 ماہ کا سٹینڈ بائے معاہدہ گزشتہ برس کامیابی سے مکمل کیا،37 ماہ کے قرض پروگرام کی شرائط پر عملدرآمد کیاجارہاہے۔

دوسری جانب وزیر خزانہ اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہاآئی ایم ایف کےساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ، وزیر اعظم شہباز شریف ، آئی ایم ایف مذاکراتی ٹیم اور متعلقہ اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے حتمی مراحل میں کلیدی کردار ادا کیا،رواں ماہ آئی ایم ایف کے بورڈ اجلاس میں معاملات کو حتمی شکل دے دی جائےگی، معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے سرمایہ کاری ،کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کے رجحان سے عام آدمی کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا ۔

دریں اثناسٹیٹ بینک نے کہا حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کی تمام مالی یقین دہانیاں حاصل کرلیں اب قرض پروگرام کے حصول میں مزید کوئی رکاوٹ نہیں ،پاکستان بورڈ اجلاس میں اپنا مقدمہ پیش کرے گا، رواں مالی سال 26.20 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں، مالی سال کی ادائیگیوں میں 16.3 ارب ڈالر رول اوور ہوں گے،مارچ تک 14.1 ارب ڈالر واجب الادا ،8.3 ارب ڈالر رول اوور ہوں گے، مارچ تک کے بقایا 5.8 ارب ڈالر ماہانہ 80 کروڑ سے ایک ارب ڈالر ادا کریں گے،مرکزی بینک نے کہاجولائی سے ستمبر تک 4 ارب ڈالر سیٹل کرچکے ، جولائی سے ستمبر تک 1.7 ارب ڈالر ادا ،2.3 ارب ڈالر رول اوور کیے ۔