سپیکر نے میثاق پارلیمنٹ کی تجویز دیدی، گرفتاریوں پر ایکشن، سارجنٹ ایٹ آرمز، 4 سکیورٹی، 5 سی ڈی اے اہلکار معطل

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے میثاق پارلیمنٹ کی تجویز دیدی جبکہ گرفتاریوں پر ایکشن لیتے ہوئے سارجنٹ ایٹ آرمز،4سکیورٹی،5سی ڈی اے اہلکار معطل کر دئیے،قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا جو واقعہ ہوا ہے اسکی تہہ تک جانے کی کوشش کروں گا، بھول جائیں ماضی میں کیا ہوا،جو میں کرسکتا تھا میں نے کیا، میں نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو معطل کیا کہ انہوں نے ان لوگوں کو کیوں نہیں روکا جوپارلیمنٹ میں آئے، ہماری قیادت بیٹھے یا نہ بیٹھے کیا ہم پارلیمنیٹرین کوئی چارٹر آف پارلیمنٹ سائن نہیں کرسکتے،پی ٹی آئی حکومت میں مسلم لیگ ن کے گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے گئے، سعدرفیق کے پروڈکشن آرڈر آپ نے جاری نہیں کیے لیکن میں ایسا نہیں کروں گا، معاملے میں وہ کروں گا جو بہتر ہوگا،پارلیمنٹ کے اندر سے ہونے والے گرفتاریوں کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے ایکشن لیے جانے کے بعد اسمبلی کی سکیورٹی میں غیر ذمے داری برتنے پر سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق اشرف کو معطل کردیا گیا،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو 4 ماہ کےلئے معطل کیا ہے اس کے علاوہ پارلیمنٹ میں سکیورٹی میں ناکامی پر دیگر 4 سکیورٹی اہلکاروں کو بھی معطل کردیا گیا ہے،معطل کیے گئے سکیورٹی اہل کاروں میں سکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور 3 جونیئر سکیورٹی اسسٹنٹ عبیداللہ، وحید صفدر اور ہارون شامل ہیں،سپیکر نے پارلیمنٹ ہاوس کی لائٹس بند کرنے کے معاملہ پر سی ڈی اے کے 5 اہلکاروں کو ذمہ دار قرار دےدیا، ایاز صادق نے سی ڈی اے کے پانچوں اہلکاروں کو معطل کر کے پارلیمنٹ سے تبدیل کرنے کی ہدایت کر دی،اہلکاروں میں مظفر حسین الیکٹریشن، ظہیر عباس الیکٹریشن اور ذوالفقار علی جنریٹر آپریٹر شامل ہیں، رضا علی فائر الارم اور ارشد کھوکھر فائر الارم کو بھی معطل کر دیا گیا ہے، قومی اسمبلی واقعے کی تحقیقات کےلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دےدی گئی،پارلیمنٹ ہاوس پارلیمنٹ میں سکیورٹی اہلکاروں کے داخلے اور پی ٹی آئی اراکین کی گرفتاری کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحقیقات کیلئے 4رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی،ایڈیشنل سیکرٹری افتخار احمد کی سربراہی میں 4رکنی کمیٹی پارلیمنٹ کی حدود میں ہونےوالے واقعات کی تحقیقات کرے گی اور اپنی رپورٹ مرتب کرے گی،فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں جوائنٹ سیکرٹری رضوان ،ارشاد علی خان اور ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ فرحت عباس شامل ہیں، تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاوس میں گرفتاری کے معاملہ پر سپیکر قومی اسمبلی نے وزارت داخلہ کوخط لکھ دیا،قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیاہے وزارت داخلہ گرفتاریوں کے حوالے سے تحقیقات کرے، تحقیقات کے حوالے سے وزارت داخلہ سپیکر قومی اسمبلی کورپورٹ پیش کرے،دوسری جانب وزارت داخلہ میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دئیے جانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی جارہی ہے،پی ٹی آئی کے گرفتار ممبران اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے گئے،بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد نے گرفتار ساتھیوں کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرانے کےلئے سپیکر سے چیمبر میں ملاقات کی، پی ٹی آئی وفد میں داوڑ کنڈی اور علی خان شامل تھے، بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے ہیں، تمام ارکان آج ایوان میں آئیں گے ،ادھر قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا پی ٹی آئی کو اسمبلی چھوڑنے سے بہت منع کیا، آج خود تو بھگت رہے ہیں ملک بھی بھگت رہا ہے،آئین کی بالادستی کے بغیر پارلیمنٹ سمیت کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، پی ٹی آئی عمران کا کیس لڑے لیکن پہلے ایوان میں آکر عوام کی خدمت کرے، ہمارا کنڈکٹ دیکھ کر یہ بچے سیاست دان نہیں بننا چاہیں گے، ہم نے سیاست کو ایک گالی بنا دیا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے اگر پارلیمنٹ میں ریڈ لائن کراس ہوئی تو جلسے میں کئی لائنیں کراس ہوئیں،قومی اسمبلی میںاظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا آپ کو اپنے قائد عمران خان کے کیسز سے اختلاف ہوگا، آپ عدالتوں سے رجوع کریں احتجاج کریں مگر ریڈ لائن کراس نہ کریں جو اس ملک کی وحدت کی لائنیں ہیں جمہوریت پر حملہ نہ کریں، جلسے میں یہ کیا کہا15دن میں جیل سے عمران خان سے چھڑا لیں گے؟ آپ کو عدالت جانا چاہیے، سیاسی اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں،وزیراطلاعات عطاءتارڑ نے کہاسپیکر آفس میں ویڈیو موجود ہے ویڈیو کا معائنہ کرلیں حقیقت سامنے آجائے گی،وزیر خزانہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا دیکھا جانا چاہیے جو ملک 2017 تک بہتر معیشت کی جانب جارہا تھا، اس ملک کی معیشت 2022 میں کیوں خراب ہوئی؟ غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے، بلاول بھٹو کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں حکومت معاملے میں مکمل تعاون کرے گی،پیپلز پارٹی کے رکن خورشید شاہ اپوزیشن کے حق میں کھڑے ہوگئے اور کہا اگر پی ٹی آئی ارکان بولنے کی اجازت مانگ رہے ہیں تو انہیں بولنے دیں، پی ٹی آئی والے بھی ایوان کاحصہ ہیں انہیں بھی بولنے دیں، خورشید شاہ کی اس بات پر پی ٹی آئی نے ڈیسک بجائے،بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہم کسی اسمبلی یا پارلیمان سے استعفیٰ نہیں دیں گے ہمارے دس ایم این ایز یہاں سے گرفتار ہوئے ہیں انہیں واپس لایا جائے،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا پارلیمنٹ سے لوگوں کو اٹھانے پر ایجنسیوں کے ڈی جیز کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے،پارلیمنٹ سے کس نے لوگوں کو اٹھایا، یہ کوئی خلائی مخلوق تھی، دلیرانہ انداز میں لوگوں کو جبری طور پر گمشدہ کیا، جمہوریت میں یہ چیز نہیں چل سکتی، بس ہوگئی ہے، اب ایجنسیز کے ڈی جیز کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے، اسد قیصر نے کہا سپیکر قومی اسمبلی کے اقدامات سے مطمئن نہیں،اس وقت ملک میں آئینی حکومت نہیں ہے ، یہ حکومت جعلی مینڈیٹ پر قائم ہے، ایسی کوئی مثال نہیں ملے گی کہ پارلیمنٹ کی حدود سے پارلیمنٹیرینز کو گرفتار کیا جائے، اس سے پتہ چلتا ہے ملک میں آئین و قانون کی کوئی حیثیت نہیں، جلسہ ہوا تو فٹا فٹ قانون بن گیا کہ 7بجے ختم کرنا ہے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا جلسے میں کی گئی باتوں کو پارلیمنٹ پر حملے کا جواز بنایا جارہا ہے، دس یا بیس آدمی بھی اگر مرجائیں تو اسے جواز بناکر پارلیمنٹ پر حملہ کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔