اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے دروازے بند، گنڈاپور کے بیان پر معافی مانگنے والے بزدل ہیں: عمران خان

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں دھوکہ دیا، میں اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی فریق سے بھی مذاکرات کے دروازے بند کر رہا ہوں، ساری پارٹی کو ہدایت ہے اب اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہیں کریگا، اسٹیبلشمنٹ نے ملک کی خاطر 22 اگست کا جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی، 22 اگست کے جلسے کےلئے ہمارے قافلے بھی نکل چکے تھے،8 ستمبر کے جلسے کی تاریخ بھی اسٹیبلشمنٹ نے دی تھی جس کیلئے این او سی بھی دیا گیا ،8ستمبر کے جلسے میں بھی ہمیں دھوکہ دیا گیا، یحییٰ خان نے عوامی لیگ اور مجیب الرحمن کو بھی اسی طرح دھوکہ دیا تھا، مجیب الرحمن سے بھی ایک جانب بات چیت کر رہے تھے تو دوسری جانب ان کےخلاف آپریشن کا پلان بنا رہے تھے اور ہمارے ساتھ بھی 9 مئی کو یہی کیا گیا،9 مئی کو ان کی پہلے سے تیاری تھی اسی لیے 10 ہزار لوگوں کو 24 گھنٹے میں اٹھا لیا گیا، 9 مئی کی فوٹیجز میں پی ٹی آئی کے لوگ نہیں ہیں یہ سی سی ٹی وی فوٹیجز ان کے پاس ہیں، دنیا میں کہیں بھی کسی جلسے کا ٹائم مقرر نہیں کیا جاتا ،جلسہ کیا ہوٹل کی تقریب تھی جو وقت پر ختم ہو جاتا؟ اسٹیبلشمنٹ سے کسی نے بات نہیں کرنی یہ دھوکے باز ہیں،صحافی نے سوال کیا اس کا مطلب ہے آپ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کر رہے تھے؟ ، سابق وزیر اعظم نے کہا میں نے بات چیت کی اجازت دے رکھی تھی اعظم سواتی انھیں کا تو پیغام لے کر آیا تھا، میری جانب سے پانچ چھ لوگ ان سے بات چیت کر رہے تھے، پہلے کبھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے، یہ آج بھی یحییٰ خان والی پالیسی کو لے کر چل رہے ہیں، ہم 21 ستمبر کو لاہور کا جلسہ ہر صورت کریں گے، اعلیٰ عدلیہ سے درخواست ہے جمہوریت اور قانون کی بالادستی کو بچائیں، ملک میں اس وقت غیر اعلانیہ مارشل لاءہے، اجازت دیتے ہیں یا نہیں 21 تاریخ کو لاہور کا جلسہ کریں گے، قوم کو کہتا ہوں جمہوریت اور قانون کی بالادستی کےلئے سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کرے، قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کےلئے پیکیج لایا جا رہا ہے، میں مانتا ہی نہیں قاضی نے توسیع لینے سے انکار کر دیا ہے ،قوم پرامن احتجاج کی تیاری کرے آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے کوئی جیل بھرنے سے نہ گھبرائے جیل کا خوف دل سے نکال دیں میں بھی 14 ماہ سے اسی لیے جیل میں ہوں قوم نے قربانی نہ دی تو کوئی مستقبل نہیں ہوگا،عمران خان نے کہا یہ جانتے ہیں کہ قاضی گیا تو الیکشن کی دھاندلی کھل جائے گی، علی امین گنڈاپور کو کل رات اسٹیبلشمنٹ نے اٹھایا ہے، ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو اٹھا کر آپ نفرتیں بڑھا رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کےساتھ ایسا کر کے ملک کو تباہی کی جانب لے جا رہے ہیں،صحافی نے سوال کیا علی امین گنڈاپور کے بیانات سے بغاوت کا تاثر جاتا ہے آپ بغاوت کی ترغیب دے رہے ہیں؟ عمران خان نے کہا ہم نے کون سی بغاوت کی ہے؟ علی امین گنڈا پور نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے اور میں علی امین گنڈا پور کےساتھ کھڑا ہوں، علی امین گنڈا پور کے بیان پر معافی مانگنے والا بزدل ہے اسے پارٹی میں نہیں ہونا چاہیے وہ پارٹی چھوڑ دے، پہلے ہی بلوچستان اپ کے ہاتھ سے نکل چکا ہے،صحافی نے سوال کیا فیصل واوڈا نے الزام لگایا ہے ارشد شریف قتل کے پلاٹ میں آپ، جنرل فیض اور مراد سعید شامل تھے ،عمران خان نے کہا ارشد شریف قتل کا اوپن ٹرائل کر لیں سب سامنے آجائے گا، فیصل واوڈا کن کا ماو¿تھ پیس ہے سب کو پتہ ہے، فیصل واوڈا میرے پیچھے پیچھے پھرتا تھا جنرل فیصل نصیر سے ملاقات کرانے کیلئے،بانی پی ٹی آئی نے کہا ایک ڈنڈا پکڑا ہوا آدمی جو فیصلہ کرتا ہے اور وہ اس ملک کا قانون بن جاتا ہے، ملک کو جمہوریت اور قانون کی بالادستی ہی بچا سکتی ہے، حکومت کی آئی ایم ایف سے ڈیل کا علم نہیں،دوران گفتگو عمران خان خاصے غصے میں نظر آئے، بیرسٹر علی ظفر کے سوا کوئی بھی پارٹی رہنماءاڈیالہ جیل نہیں آیا۔