قومی اسمبلی اجلاس، پارلیمنٹ ہاوس سے گرفتاریاں پارلیمان پر حملہ قرار

اسلام آباد (مشرق نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان نے پارلیمنٹ ہاو¿س میں رات گئے پولیس داخل ہونے اور لائٹس بند کرکے ارکان کی گرفتاریوں کو پارلیمان پر حملہ قرار دے دیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت میں اسمبلی اجلاس ہوا۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ بڑی مشکل سے پارلیمنٹ پہنچا ، رات کو بہت کچھ ہوا، کیا پارلیمنٹ پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، جمہوریت اور سیاست میں گرفتاریاں ہوتی رہتی ہیں لیکن سیاستدانوں نے پہلے بھی اسی پارلیمنٹ میں پناہ لی تھی، کل کا دن جمہوریت کیلئے سیاہ دن تھا، نقاب پوش کون تھے جو ایوان میں آکر اراکین پارلیمنٹ کو اٹھا کر لے گئے، رات کے اندھیرے میں پارلیمنٹ کی لائٹیں بند کی گئیں، تحقیقات کریں وہ نقاب پوش کون تھے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ رات تین بجے نقاب پوش پارلیمنٹ کے کمروں میں بیٹھے ہوئے تھے، گراو¿نڈ فلور سے چوتھے فلور تک ایک ایک کمرہ چیک کیا گیا ، یہ پارلیمنٹ کا سیاہ ترین دن تھا، سارجنٹ ایٹ آمرز کو کہیں مجھے گرفتار کرلیں، مگر جو تذلیل کی گئی وہ ناقابل برداشت ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے کہا کہ میں آپ کو اس وقت بطور ہاو¿س کے کسٹوڈین مخاطب کر رہا ہوں، اس وقت جو الزامات سامنے آ رہے ہیں جن پر یقین نہ کرنے کیلئے میرے پاس کوئی وجہ نہیں، یہ پورے آئین، پوری پارلیمنٹ پر بہت سنجیدہ حملہ ہے۔ نوید قمر نے کہا کہ اگر ایکشن نہ لیا گیا تو پھر یہ سلسلہ یہاں رکے گا نہیں، یہ تو شروعات ہے، جب پارلیمنٹ پر حملے کی بات تو جہاں سے بھی ہو، ہم سب ایک ساتھ کھڑے ہوں، یہاں تو عزت کیا، یہاں تو مجھے مستقبل ہی نظر نہیں آرہا۔

اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جب آپ کہیں گے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں، اس کا کیا ردعمل آئےگا؟ اس قسم کی باتیں کل کے ری ایکشن کو جواز فراہم کرتی ہیں، کیا پاکستان کا باوجود ایک شخص سے نتھی کیا جاسکتا ہے، یہ کہتے ہیں کہ پختونوں کا لشکر لے کر پنجاب پر حملہ آور ہوں گے۔