راولپنڈی (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اعتراف کیا ہے 22 اگست کا جلسہ اسٹیبلشمنٹ کی درخواست پر ملتوی کیا،اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا اعظم سواتی صبح 7 بجے میرے پاس آئے اور کہا اسٹیبلشمنٹ نے بھیجا ہے اور درخواست کی ہے ملک کی خاطر جلسہ ملتوی کریں،اعظم سواتی نے پیغام دیا تھا ایک جانب کرکٹ میچ دوسری جانب مذہبی جماعتوں کا اسلام آباد میں احتجاج ہے ملک میں انتشار پھیل سکتا ہے،سابق وزیر اعظم نے کہا اسٹیبلشمنٹ نے ضمانت دی تھی 8ستمبر کے جلسے میں مکمل سہولت فراہم کریں گے ، اسی پیغام پر پاکستان کی خاطر 22 اگست کا جلسہ ملتوی کیا،ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا اگر میں نے مقدمات سے ریلیف لینا ہوتا تو ملک سے بھاگ جاتا، مجھے یہی کہا گیا تھا 3 سال خاموش رہو کچھ نہیں ہوگا مقدمات ختم کر دیں گے ، نیب ترامیم بحالی اب قانون بن چکا ہے اس کے تحت عدالت سے ریلیف مانگا ہے یہ قانونی معاملہ ہے، قاضی فائز عیسیٰ کو دوبارہ مسلط کیا گیا تو ملکی تاریخ کی بھرپور احتجاجی تحریک شروع کریں گے، قاضی فائز ملکی تاریخ کا ایک جانبدار ترین جج ہے مزید برآں نیب ترامیم بحال ہونے کے نتیجے میں نیا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت سے سپیشل جج سینٹرل کو منتقل کردیا گیا،سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد نیب ترامیم بحال ہو گئیں جس کے بعد احتساب عدالت کے جج علی وڑائچ نے فیصلہ سنا تے ہوئے نیا توشہ خانہ ریفرنس سپیشل جج سینٹرل کو ٹرانسفر کردیا ،جج علی وڑائچ نے فیصلے میں کہا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ بھی سپیشل جج سینٹرل کریں گے، عدالت نے سپیشل سینٹرل جج کو ریفرنس کی آج ہی سماعت کرنے کا حکم دےدیا۔
نیا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت سے واپس، 22 اگست کا جلسہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ملتوی کیا: عمران خان

















