لاہور (اپنے نمائندے سے) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ومرکزی رہنما ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پرامن جلسے، احتجاج عوام اور سیاسی جماعتوں کا آئینی، سیاسی اور جمہوری حق ہے،ئی پی پیز کوئی مقدس گائے نہیں،آئی پی پیز کی لوٹ مار کے خلاف عوام میں موجود شدید غم و غصہ کا لاوا اب پھٹنے کو ہے۔ان خیالات کا اظہار لیاقت بلوچ نے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے جے یوآئی کے زیر اہتمام گولڈن جوبلی کے موقع پر مینارپاکستان لاہور ختم نبوت جلسے سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے مینار پاکستان پر ختم نبوت گولڈن جوبلی کانفرنس سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن جلسے، احتجاج عوام اور سیاسی جماعتوں کا آئینی، سیاسی اور جمہوری حق ہے،اسلام آباد کے گونگے، بہرے، مفادات میں غرق حکمران عوام سے جینے، سانس لینے کا حق بھی چھین لے اور عوام کو اس حق تلفی پر احتجاج بھی نہ کرنے دیں تو ایسے کالے، آمرانہ، جابرانہ قانون کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی،ملک غریب ہے تو غربت بھی تقسیم ہو،یہ نہیں ہوسکتا کہ عوام خودکشیاں کریں، بھوک، ننگ اور افلاس کا شکار ہوں اور بگڑا اشرافیہ عیاشیاں کرتا پھرے، یہ اب عوام کیلئے ناقابل برداشت ہے۔لیاقت بلوچ نے جنرل (ر)فیض حمید کی گرفتاری کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ فوجی یا سول بااختیار افسران منصب پر بیٹھ کر خدا نہ بنیں،اپنے حلف کی پاسداری کو پامال کرکے سیاست میں غیر آئینی مداخلت کی روِش ترک کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کوئی مقدس گائے نہیں،آئی پی پیز کی لوٹ مار کے خلاف عوام میں موجود شدید غم و غصہ کا لاوا اب پھٹنے کو ہے،آئی پی پیز صرف اپنا مفاد نہیں صارفین کے مفاد اور ان کی قوتِ خرید کی سکت کو بھی دیکھیں اور سمجھیں، ورنہ عوامی احتجاج کا سیلاب انہیں بہا لے جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے، عوام کے جان و مال، عزت و روزگار کے تحفظ میں حکومتیں ناکام اور عوام سے ٹیکس وصولی کا اپنا آئینی حق ختم کررہی ہیں،اب عوام کے پاس سول نافرمانی کے علاوہ کیا آپشن ہے؟
آئی پی پیز کی لوٹ مار ناقابل برداشت، عوام کا لاوا پھٹنے کو تیار ہے: لیاقت بلوچ


















