ریاست کےخلاف ہتھیار اٹھانے والے سرنڈر کردیں ورنہ آہنی ہاتھوں نمٹیں گے،محسن نقوی

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ریاست کےخلاف ہتھیار اٹھانے والے سرنڈر کردیں ورنہ آہنی ہاتھوں نمٹیں گے،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے علما و دیگر مذاہب کے رہنماﺅں سے مشاورت کا آغاز کردیا،ان خیالات کااظہار انہوں نے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت تمام مکاتب فکر کے علما و دیگر مذاہب کے رہنماوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

محسن نقوی نے کہادہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب کو بحیثیت قوم اکٹھا ہونا ہو گا، دہشتگردوں کو ہتھیار ڈالنے کا موقع دے رہے ہیں، بندوق اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے، دہشتگرد فتنہ و فساد برپا کررہے ہیں، ریاست کو تسلیم کرنے والوں کو معافی ملے گی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک نے کہا ملکر نئی نسل کو بارود اور آگ کے کھیل سے بچانا ہے،پاکستان کےلئے سب کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، ہر پاکستانی کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے،علما اور مشائخ لوگوں کی اصلاح کریں اور ریاست کےخلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف آواز بلند کریں۔

ملاقات کے بعد علما نے متفقہ اعلامیے میںانتہا پسندوں ،دہشتگردوں کے بیانیے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہااسلام احترام انسانیت اور تشدد سے پاک معاشرے کا درس دیتا ہے،کسی کو بے جا قتل کرنے کی اسلام قطعاََ اجازت نہیں دیتا،اسلام اقلیتوں،خواتین اور بچوں کے حقوق کا ضامن ہے،وقت اتحاد و اتفاق اور قوم ،امت کو جوڑنے کا ہے۔