جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخ کرنے کا فیصلہ معطل

کراچی: (بیورورپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخ کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا،عدالت نے کراچی یونیورسٹی کو مزید اقدامات سے روکتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے اور فریقین سے3 ہفتوں میں تفصیلی جواب بھی طلب کر لیا۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا ان فیئرمینز کمیٹی اور سینڈیکیٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری غیرموثر قرار دی،جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کس کی ڈگری کا کیس ہے، یونیورسٹی نے ابتک کتنے فیصلے کئے ہیں اس قسم کے؟ وکیل درخواست گزار نے کہا سینڈیکیٹ نے غیرشفاف طریقے سے فیصلہ کیا، جسٹس صلاح الدین پنہور نے استفسار کیا کب کی ڈگری ہے؟ وکیل درخواست گزار نے کہا ڈگری 30سال پرانی ہے۔

جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کس کی درخواست پر یہ سب ہوا ہے، کس کی شکایت پر کارروائی کی گئی ، یہ کہہ رہے ہیں اسلامیہ لاءکالج نے خط لکھا ہے،جسٹس امجد علی سہتو نے استفسار کیا درخواست گزاروں کا اس کیس سے کیا تعلق ہے ، درخواست گزار نے کہا درخواست وکلاءکی جانب سے دائر کی گئی ہے، کراچی یونیورسٹی کو اختیار ہی نہیں ، صرف جوڈیشل کمیشن ہی کارروائی کر سکتا ہے،وکیل نے کہا سینڈیکیٹ کے ایک ممبر کو پولیس 8 گھنٹے کیلئے اٹھا کر لے گئی تھی، جسٹس امجد علی سہتو نے کہا یہاں سیاسی باتیں نہ کریں، کسی کی ڈگری آپ کینسل کر رہے ہیں اس کو بلانا چاہیے، اس بندے کو نوٹس دینا چاہیے۔