گھر میں ویگو ڈالے آئے، بندہ اٹھا لیا، ایس ایچ او سمیت کسی کو پتہ ہی نہیں،ہائیکورٹ

اسلام آباد،لاہور :(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)لاپتہ عثمان فیضان بازیابی کیس میں آئی جی اسلام آباد کو10ستمبر تک مہلت ،عدالت نے حساس ادارے سے رابطہ کرنے کا حکم دےدیا،جسٹس بابر ستار نے لاپتہ نوجوان فیضان عثمان کی بازیابی درخواست پر سماعت کی۔

آئی جی اسلام آباد نے مو قف اپنایا لاپتہ فیضان کے والد کےساتھ آدھا گھنٹہ گزارا، فیضان کی لوکیشن پہلے اسلام آباد اور 17 اگست کو لاہور کی آئی، فوٹیجز دیکھی ہیں، ایک فوٹیج میں کچھ لوگوں کے چہروں پر ماسک ہیں، دوسری فوٹیج میں نظر آنے والے لوگوں کے چہرے واضح نہیں تاہم گاڑیاں واضح نظر آ رہی ہیں،وزارت داخلہ،وزارت دفاع کو گاڑیوں کی معلومات کےلئے لکھ دیا، سیف سٹی کا ریکارڈ ایک ماہ کا ہوتا ہے، واقعہ کو 2 ماہ ہو چکے، جائے وقوعہ کے پاس فیکٹریوں کو چیک کرنا پڑے گا اگر وہاں کہیں سے فوٹیج مل جائے تو،آئی جی اسلام آباد نے بتایا عثمان کے والد نے کہاداماد 3 جولائی سے لاہور سے لاپتہ ہیں مگر وہاں کوئی ایف آئی آر نہیں ، واٹس ایپ ٹریکنگ کےلئے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور سی ٹی ڈی لاہور کو لکھا ،عدالت نے آئی جی استفسار کیا الزام حساس ادارے پر ہے، تو کیا آپ نے وہاں سے کچھ پوچھا؟ آئی جی اسلام آباد نے جواب دیا وزارت دفاع سے رابطہ کیا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے حساس ادارے سے رابطہ کریں وہ وزارت دفاع کے نہیں بلکہ براہ راست وزیراعظم کے ماتحت ہیں ایسا دکھائی دے رہا ہے لوگوں کو اٹھانے کا سلسلہ بغیر کسی خوف کے جاری ہے، شہریوں کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے اگر آپ ناکام ہوں گے تو شہری عدالتوں کے پاس آئیں گے۔

جسٹس بابر ستار نے کہا گھر میں ویگو ڈالے آ گئے، بندہ اٹھا لیا، ایس ایچ او سمیت کسی کو پتہ ہی نہیں، سب کو پتہ ہے سب کس طرح سے ہوتا ہے، میں آپ کو پیر تک کا وقت دیتا ہوں، آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ کےساتھ پیش ہوں،آئی جی اسلام آباد نے استدعا کی پیر کی بجائے منگل تک کا وقت دے دیا جائے، عدالت نے کہا ٹھیک ہے اگر پولیس کو کسی سے بھی معاونت کی ضرورت ہو تو لے سکتی ہے،بعد ازاں عدالت نے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے بچہ بازیابی کیس پر سماعت کرتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ کو آئندہ سماعت تک مہلت دےدی،دوران سماعت بچے کی لے پالک ماں کمرہ عدالت میں بےہوش ہوگئی ،جسٹس فاروق حیدر نے آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ نے سارے معاملات کو دیکھا ، بچہ تا حال نہیں ملا،آر پی او شیخوپورہ نے جواب دیا میری ا ماں جی سے روازنہ ملاقات ہوتی ہے، سوائے چھٹی کے، اماں جی کو روزانہ کی گئی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہیں۔

جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دئیے پہلے بچہ اور اب تو والد بھی مسنگ ہے،بچے کی ماں پہلے ہی قتل ہوچکی ، عدالت اور آپ کی ذمہ داری ہے بچے کی بازیابی کےلئے کچھ کریں ،بعض اوقات مخالفین کو یا پولیس کو پھنسانے کےلئے کسی کو غائب کردیا جاتا ہے، جس کا بچہ گم ہو ،پانی کا گھونٹ پیتا ہے تو وہ بھی نہیں پی پاتا ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔