بلوچستان میں دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی: سرفرازبگٹی

کوئٹہ (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی کاکہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی دیکھنے میں آئی ، کل بلوچستان اسمبلی نے یک زبان ہوکر دہشت گردی کی مذمت کی، یہ مٹھی بھر دہشت گرد سوفٹ ٹارگٹ ڈھونڈتے ہیں، یہ بسوں سے اتار کرمعصوم لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ بلوچ ہمیشہ جنگوں میں رہا،روایات کے مطابق چیزیں ہوتی تھیں، یہ بلوچیت کے نام پر ضرور ہے لیکن ان کا کوئی تعلق نہیں، یہ کسی بلوچ نے پشتون یا پنجابی کو نہیں مارا،یہ دہشت گردوں نے پاکستانی شہید کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہر روز صوبائی حکومت کا کوئی نہ کوئی سیکرٹری ہر ضلع میں ہونا چاہیے، ہم دن گزرنے کے ساتھ گورننس کو ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی حکومت ذہین طالبعلم بچیوں کو ہارورڈ اور آکسفورڈ بھیج رہی ہے، اب بلوچستان کے لوگوں نے ہمارے اور دہشت گردوں میں فرق ڈھونڈنا ہے، ہم خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔