لاہور (اپنے نمائندے سے) ڈی ایس ریلوے لاہور ڈویژن شعبہ انجینئرنگ کی مجرمانہ غفلت، ریلویز ہوپ روڈرہائشی کالونی میں سرکاری کوارٹرز خستہ حالی کے باعث کھنڈرات میں تبدیل، آئی او ڈبلیو کی نا اہلی کوارٹرز کی تعمیر و مرمت التوا کا شکار، ملازمین رہائش کے حصول کی خاطر عرصہ دراز سے منتظر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کی اہم ترین لاہور ڈویژن کے شعبہ انجینئرنگ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے رہائشی کالونیوں میں چھوٹے ملازمین کو سرکاری کوارٹرز کی الاٹمنٹ کی گئی ہے جس میں مختلف نوعیت کے ملازمین رہائش پزیر ہیں ان کی مرمت اور دیگر دیکھ بحال کی خاطر ان کی تنخواہ سے کٹوتی کی جاتی ہے لیکن مبینہ طور پر شعبہ انجینئرنگ ون کی طرف سے چھوٹے ملازمین رہائشی کالونیوں کی مرمت بروقت نہ ہونے کی وجہ سے کوارٹرز خستہ حالی کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے ہوپ روڈ کوارٹرز کالونی میں کوارٹرز کی مناسب دیکھ بحال نہ ہونے کی وجہ سے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں اور سرکاری رہائشی کالونی میں دو کوارٹرز عرصہ دراز سے کھنڈر بنے ہوئے ہیں اور رہائشیوں کی جانب سے ان کوارٹرز کو کوڑا دان بنا رکھا ہے جبکہ ریلویز کے متعدد چھوٹے ملازمین کی جانب سے ڈی ایس لاہور ڈویژن کو کوارٹرز کی الاٹمنٹ کی خاطر عرصہ سے تحریری درخواست جمع کروا رکھی ہے لیکن انکو کوارٹر نہ ہونے کی بنیاد پر رہائش کی سہولت نہیں دی جا رہی شعبہ انجینئرنگ ون کی جانب سے کھنڈر میں تبدیل کئے جانے والے کوارٹرز کو مرمت نہ کرنے کی وجہ سے کوارٹرز کی کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور چھوٹے ملازمین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بڑے افسران کی رہائشی کالونیوں کو تمام تر سہولیات اور بروقت مرمت کر دیا جاتا ہے۔ ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ رہائشی کالونیوں کی بروقت اور ضرورت کے مطابق مرمت کی جارہی ہے جن کوارٹرز کی آپ نشاندہی کر رہے ہیں ان کو چیک کروانے کی لاہور ڈویژن انتظامیہ کو کہہ دیا گیا ہے۔ متعلقہ شعبہ انجینئرنگ سے رپورٹ لی جائیگی۔
ڈی ایس ریلوے لاہور ڈویژن شعبہ انجینئرنگ کی مجرمانہ غفلت، سرکاری کوارٹرز خستہ حالی کے باعث کھنڈرات میں تبدیل
















