لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاہے دہشتگردوں کوبلوں سے نکال کر منطقی انجام تک پہنچائینگے۔
میر سرفراز بگٹی شہید کیپٹن علی قریشی کے گھر پہنچے، وزیر داخلہ محسن نقوی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی ساتھ تھے، شہید کیپٹن کے اہلخانہ سے ملاقات میں اظہار تعزیت کیا،فاتحہ خوانی کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا شہید کیپٹن علی قریشی نے عوام ،پاک سرزمین کے تحفظ کےلئے جان کا نذرانہ پیش کیا، بلوچستان کیپٹن علی قریشی شہید کے خون کا مقروض ہے،قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشتگردوں کوبلوں سے نکال کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، جنگ صرف سکیورٹی فورسز نہیں پوری قوم کی ہے، شہداکی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
دریں اثنا پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہامقدس پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائےگا،پنجاب کے معصوم شہریوں کوبسوں سے اتارکرشہید کیا گیا، کسی بلوچ نہیں دہشتگردوں نے پاکستانی شہید کیے، دہشتگردوں کا کوئی مہذب نہیں، بلوچ روایات میں بچوں ،خواتین کا احترام کیا جاتا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہاریاست مظلوموں کےساتھ کھڑی ہے، دہشتگردوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،شہدا کے لواحقین کو20لاکھ دیں گے، گاڑیوں کے نقصانات بھی حکومت پورا کرے گی،صوبے میں ہرصورت حکومتی رٹ برقراررکھیں گے، دکھ کی گھڑی میں پنجاب کے بھائیوں کےساتھ کھڑا ہوں۔
سرفراز بگٹی نے کہادہشتگردوں کے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردارتک پہنچائیں گے،آئین کے اندر رہ کرکسی سے بھی مذاکرات ہو سکتے ہیں،این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے بلوچستان کو اپنا شیئر دیا، کسی پنجابی نہیں پاکستانیوں کا خون بہا ،دہشتگرد بلوچ، پشتونوں کو بھی مار رہے ہیں، سب پہلے پاکستانی پھرکوئی سرائیکی، بلوچی، پنجابی ہے،بلوچستان میں کوئی آپریشن نہیں ہورہا۔
دہشتگردوں کوبلوں سے نکال کر منطقی انجام تک پہنچائینگے،وزیراعلیٰ بلوچستان
















