پنجاب بھرمیں یکساں صفائی کے نظام کو آﺅٹ سورس کیا جا رہا ہے : ذیشان رفیق

ڈسکہ (نمائندہ مشرق) وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے بھرپور آپریشن کا اسی ماہ 16 ستمبر سے آغاز کیا جائے گا۔ پلان کے مطابق لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی ہر دیہی یونین کونسل میں کم سے کم 10 سینٹری ورکرز اورچار لوڈر رکشے کے ساتھ کوڑا کی ڈور ٹو ڈور کولیکشن کرکے گاﺅں میں قائم عارضی کوڑا کولیکشن پوائنٹ تک پہنچایا جائے گا جہاں سے ٹرالیوں سے کوڑا لفٹ کروا کر یوسی کے ڈمپنگ پوائنٹ پر ڈمپ کرنا ضلع کونسل کے ذمہ داری ہوگی۔ اس ضمن میں درکار وسائل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جاری کئے جا رہے ہیں اور آئندہ 10 روز کے اندر لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ضلع کونسل ہیومین ریسورس اور مشینری کی فراہمی اور دیگر انتظامات کو مکمل کریں گے اور اس کے ساتھ ہی دیہی علاقوں میں کچرا کنڈیوں کو بھی صاف کیا جائیگا اور اس کے بعد کسی جگہ بلک ویسٹ جمع بھی نہیں ہونے دیا جائیگا۔ یہ بات انہوں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے آفس میں ضلعی انتظامیہ، ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن / کمیٹیز کے ایڈمنسٹریٹر اور چیف افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا بھی اجلاس میں موجود تھے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے تحت صوبہ پنجاب میں یکساں صفائی کے نظام کو آﺅٹ سورس کیا جا رہا ہے تاہم بڈنگ پراسس اور آپریشنل ہونے تک کچھ عرصہ درکار ہے تب تک صفائی کی ذمہ داری لوکل گورنمنٹ اور ضلع کونسل کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ستھرا پنجاب کیلئے گرینڈ انویسٹمنٹ کرنے والی ہے اور اس ضمن میں لوکل باڈیز کے ایڈمنسٹریٹرز اور چیف افسران کو پوری اتھارٹی دی گئی ہے تاہم فرائض میں غفلت اور کوتاہی پر محاسبہ بھی ان کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پانی کے جوہڑوں اور چھپڑوں کی صفائی کیلئے ضلع کے حجم کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو ایک سے تین تک کرینز اور ایکسیویٹرز فراہم کئے جائیں گے جس سے دیہات میں سیوریج کا بڑا مسئلہ حل ہو جائیگا۔